نواز شریف سے مطالبہ ہے کہ جاوید ہاشمی کی زبان کو لگام دیں ، راجہ ریاض احمد،چشمہ جہلم لنک کینال پر کام نہیں روکا گیا اور نہ ہی وفاقی حکومت نے کام روکنے کی ہدایت کی ، صحافیوں سے گفتگو

بدھ 10 فروری 2010 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔10 فروری۔ 2010ء) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف جاوید ہاشمی کی زبان کو لگام دیں ، بے نظیر شہید کے بارے میں کسی بھی نازیبا الفاظ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ارسا میں سندھ کے دو نمائندوں کے حوالے سے وزیراعظم کو اپنے تحفظات بارے آگاہ کر دیا ہے، چشمہ جہلم لنک کینال پر کام نہیں روکا گیا اور نہ ہی وفاقی حکومت نے کام روکنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینئر وزیر راجہ ریاض نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی نے بے نظیر بھٹو شہید کے بارے میں جن الفاظ کا استعمال کیا ہے وہ قابل مذمت ہے اور میاں نواز شریف سے مطالبہ ہے کہ ان کی زبان کو لگام دیں ورنہ پیپلز پارٹی کے کارکن ان کا احتساب کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب سندھ کا پانی چوری نہیں کر رہا اور آج ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب سے ارسا کا نمائندہ تمام صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کرے گا اور مجھے یقین ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا کیونکہ ہم نے اس بارے میں وزیراعظم کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ جہلم لنک کینال پر بجلی کی پیدوار کے حوالے سے جو منصوبے بنائے جا رہے ہیں ان پر کام نہیں روکا گیا اور نہ ہی وزیراعظم نے کوئی ایسی ہدایت دی ہے، پنجاب کا پانی پر جو حق ہے وہ حق اور سچ پر ہے اور ہم اس سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔