راولپنڈی میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز 15فروری سے ہوگا

جمعرات 11 فروری 2010 19:29

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔11فروری۔2010ء) ضلع راولپنڈی میں تین روزہ پولیو مہم کا آغاز 15فروری سے ہوگا ،پولیو مہم کے دوران پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کی عمر کے سات لاکھ پانچ ہزاربچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو غفلت کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف مہکمانہ کاروائی کریں گی ۔

گزشتہ روز کمشنر آفس میں پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلا س ثاقب منان ای ڈی او ایف اینڈ پی کی صدارت میں منعقد ہوا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خالد رندھاوا، ٹیچنگ ہسپتالوں ، محکمہ تعلیم ، محکمہ سماجی بہبوداور این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ثاقب منان نے کہا کہ یہ مہم کامیاب کرنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے تاکہ قوم کے نونہالوں کو مستقبل کی معذوری سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں وہ ڈیوٹی دینے سے ہر گز انکار مت کریں بصورت دیگر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے انہیں معطل کر دیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر خالد رندھاوا نے اجلاس کو بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے لئے ایک ہزار تین سو انیس موبائل ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو کہ گھر گھر جا کر کم سن بچوں کو پولیو سے بچائے کے قطرے پلائیں گی اور وٹامن اے کے کیپسول دیں گی۔

256 مراکز صحت ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں ویکسینشن سینٹر قائم کئے جائیں گے جبکہ 86موبائل ٹیمیں پبلک پارک، ریلوے اسٹیشنوں لاری اڈوں ، ویگن اسٹینڈز اور ائیر پورٹ پر جا کر مسافروں اور سیاحوں کے کم سن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خوراک اور وٹامن اے کے کیپسول دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے علاوہ محکمہ تعلیم کے اہلکاروں کی بھی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں اور کینٹ ایریا میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے آرمی جوانوں کی خدمات حاصل کرنے کے لئے لاک ایریا کمانڈر سے درخواست کی جائے گی تاکہ ضلع کے تمام کم سن بچے اس مہم سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :