دن کے اوقات میں کیلوریز کے استعمال سے صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، ماہرین

جمعرات 21 ستمبر 2017 14:34

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2017ء) امریکی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رات کو بستر پر جانے سے پہلے کچھ بھی کھانے سے گریز بہتر ہے کیونکہ اس سے موٹاپے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی تحقیق کے دوران جامعات کے 110 طالب علموں پر اس کے تجربات کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس تحقیق میں سائنسداں کم روشنی میں میلاٹونن کے اخراج (ڈی ایل ایم او) کا جائزہ لینا چاہتے تھے جس قدرتی عمل سے بدن نیند کے لیے تیار ہوتا ہے اور ایک طرح کا ہارمون میلاٹونن خارج ہوتا ہے جسے نیند کا ہارمون بھی کہتے ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ عام حالات میں اکثر افراد میں میلاٹونن کا اخراج رات کے 8 بجے شروع ہوجاتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ رات کو دیر سے کھانا کھاتے ہیں یا پھر سوتے وقت کچھ نہ کچھ کھاتے ہیں ان کے جسم میں میلاٹونن بھی متاثر ہوتا ہے اور وزن بڑھنے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیلوریز کازیادہ تر حصہ دن کی روشنی میں ہی کھائیں تو اس کے بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی طرح مرغن غذائیں رات دیر تک کھانے سے موٹاپا بڑھتا ہے۔