سندھی ساتھ دیں، موقع ملا تو چشمہ جہلم لنک کینال سمیت صوبے کے تمام مسائل حل کرکے سندھ کے اعتراضات دور کروں گا، نواز شریف ،وزیر اعظم قوم کو کوئی خوشخبری دینا چاہتے ہیں تو وہ عوام کے مسائل کے حل کی خوشخبری دیں ، میڈیا سے بات چیت

بدھ 17 فروری 2010 22:23

میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری۔2010ء) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سندھی ساتھ دیں۔ موقع ملا تو چشمہ جہلم لنک کینال سمیت صوبے کے تمام مسائل حل کرکے سندھ کے اعتراضات دور کروں گا۔ وزیر اعظم اگر قوم کو کوئی خوشخبری دینا چاہتے ہیں تو وہ عوام کے مسائل کے حل کی خوشخبری دیں ۔صدر آصف زرداری نے جو بھی وعدے کئے وہ پورے نہیں کئے ہم دو سالوں تک وعدوں کے پورا ہونے کا انتظار کرتے رہے مگر انہوں نے کسی بھی وعدے کی پاسداری نہیں کی۔

خانپور مہر کے قریب خان گڑھ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی صدر یا وزیراعظم بننے کی خواہش ظاہر نہیں کی اور نہ میں یہ چاہتا تھا کہ صدر آصف زرداری یا وزیر اعظم کی جگہ لوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مارشل لاء لگنے کی وجہ سے اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دولخت ہوا۔

(جاری ہے)

صدر آصف زرداری نے میثاق جمہوریت پر عمل نہیں کیا ہم دو برس تک کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا انتظار کرتے رہے لیکن کسی بھی وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی ہمیشہ عزت واحترام کیا لیکن آصف زرداری نے میثاق جمہوریت پر عمل نہیں کیا۔ وزیر اعظم اگر قوم کو کوئی خوشخبری دینا چاہتے ہیں تو وہ عوام کے مسائل کے حل کی خوشخبری دیں اور ججز کے لئے جاری نوٹیفکیشن کی واپسی کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ جہلم لنک کینال کے مسئلے پر وہ سندھ کی عوام کے ساتھ ہیں اور اس مسئلے کو جلد حل کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ کے عوام اس مرتبہ ان کا ساتھ دیں۔ موقع ملا تو چشمہ جہلم لنک کینال سمیت سندھ کے تمام مسائل حل کریں گے اور سندھ کے اعتراضات دور کریں گے۔ صدر آصف زرداری کو جمہوریت کے لئے خطرہ عدالت کے متعلق ان کے فیصلے کے بعد دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتلے نذر آتش کرنے سے آگے کی سوچ رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پی پی پی سے کوئی شکایت نہیں۔ صدر آصف زرداری کو بے نظیر بھٹو شہید کے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :