عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

جمعہ 26 فروری 2010 18:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔26 فروری۔ 2010ء) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کینسر میں مبتلا افراد کے علاج کیلئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں اسپتال قائم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہاؤس میں میک اے وش فاؤنڈیشن کے تحت ملاقات کیلئے آنے والے کینسر کے مرض میں مبتلا دو بچوں 11 سالہ دیدار علی اور 12 سالہ علی گل بانو سے ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی اور دیگر موجود تھے۔ کینسر میں مبتلا ان بچوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اس خواہش پر وزیراعظم نے ان دونوں بچوں کو گورنر ہاؤس میں مدعو کیا۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات ان بچوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو خوش اخلاق اور سادہ طبیعت پایا۔

بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جسمانی، ذہنی اور مالی مشکلات کا شکار بچوں کے مسائل کے حل کیلئے پورے معاشرے کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی جبکہ اس حوالے سے صاحب ثروت افراد اور سماجی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد اور ادارے انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔ حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعظم نے دونوں بچوں کو فی کس 3,3 لاکھ روپے اور تحائف دیئے۔

قبل ازیں فاؤنڈیشن کے صدر اشتیاق بیگ اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اختیار بیگ نے وزیراعظم کو بتایا کہ یہ بین الاقوامی تنظیم دنیا کے 37ممالک میں کام کررہی ہے اور اس تنظیم نے پاکستان میں 100 سے زائد بچوں کی آخری خواہش کو پورا کیا ہے جن میں سے 50 فیصد بچے انتقال کرچکے ہیں۔ وزیراعظم نے فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :