پاکستان اور سعودی عرب کا مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم،دونوں ممالک کے درمیان اخوت ‘ محبت اور بھائی چارے کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائیگا ‘ پاکستان اور سعودی عرب ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے وقار کی سربلندی کیلئے مل کر کام کریں گے،وفاقی وزیر صحت نصیر خان اور سعودی سفیر علی العواض العسیری کا فیلڈ ہسپتال کی حوالگی کی تقریب سے خطاب

جمعرات 16 نومبر 2006 17:41

مانسہرہ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16نومبر2006 ) پاکستان اور سعودی عرب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اورپورا ساتھ دیں گے۔ اور دونوں ممالک کے درمیان اخوت ‘ محبت اور بھائی چارے کے جو تعلقات ہیں انہیں مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائے گا۔ سعودی عرب نے خوشحال پاکستان کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایاہے۔

جبکہ پاکستان نے عالم اسلام اور بالخصوص سعودی عرب کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی توقعات کے مطابق دونوں ممالک مسلمانوں کے وقار کی سربلندی کیلئے مل کر کام کریں گے۔ یہ باتیں جمعرات کو وفاقی وزیر صحت نصیر خان اور پاکستان میں سعودی سفیر علی العواض العسیری نے جمعرات کو یہاں سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے مانسہرہ میں ہسپتال پاکستان کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کے خوفناک زلزلے میں جب پاکستان پر مشتمل وقت تھا اس وقت سعودی عرب کی طرف سے فوری امداد اور مانسہرہ میں جدید ترین سٹیٹ آف آرٹ فیلڈ ہسپتال کا قیام پاکستانیوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کی کوشش تھی جس پر پوری قوم سعودی حکومت اور عوام کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کے بعد دنیا کے 61ممالک نے پاکستان کی مدد کی جس میں سرفہرست سعودی عرب ہے جس نے 573 ملین ڈالر کی فوری امداد پاکستان کو فراہم کی اور گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے مانسہرہ میں فیلڈ ہپستال بھی چلایا جا رہا ہے۔

اور اس کو اب پاکستان کے حوالے کرنے پر بھی ہم سعودی حکومت کے ممنون ہیں۔ اور اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ مذکورہ فیلڈ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کومزید بہتر بنائیں گے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہ کہ دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے سعودی عرب اور پاکستان پر پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور پوری امت مسلمہ کی نظریں ان دو ممالک پر لگی ہوئی ہیں اور وقت ہے کہ ہم دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنے مسائل کے حل کیلئے خود تگ و دو کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم 14 سو سالہ پرانی تاریخ کے وارث ہیں جو ہمیں زندگی کے شعبے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے اور اس پر چل کر ہم دنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر سعودی سفیر علی العواض العسیری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان ہی مسلم امہ کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اخوت ‘ محبت اور بھائی چارے کے جو روابط قائم ہیں ان کو مزید مستحکم کرتے ہوئے پاکستان کی ہر ممکن کرتے ہوئے پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور سعودی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر صحت اور سعودی سفیر کے ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے سعودی عرب ہلال احمرکے کوآرڈینیٹر خالد الحبشی نے بتایا کہ گزشتہ 8 اکتوبر کے بعد بنائے جانے والے اس فیلڈ ہسپتال میں جدید ترین سہولیات مہیا کی گئی ہیں اور اس میں 9 کلینکس ہیں جس سے تقریباً 1500 مریضوں کا روزانہ چیک اپ کیاجاتا ہے۔ جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 63 ہزار سے زائد مریضوں کا ہسپتال میں چیک اپ کیا گیا ہے۔ جس میں سے ایک ہزار 5 سو 93 مریضوں کے آپریشن کئے گئے ہیں اور 3 ہزار 1 سو 23 مریضوں کو ویکسینیشن کے علاوہ 3 ہزار 7 سو 24 مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں جبکہ اب بھی اوسطاً 8 بڑے آپریشن روزانہ کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :