اوباما کو شراب اور سگریٹ کم کرنے کی ہدایت

بدھ 3 مارچ 2010 19:48

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔3 مارچ۔ 2010ء) امریکہ کے صدر بارک اوباما بطور امریکی صدر اپنے پہلے سالانہ میڈیکل چیک اپ کے بعد وائٹ ہاؤس واپس آ گئے۔ بارک اوباما کے ماہرین نے انہیں ڈیوٹی کیلئے فٹ قرار دیا تاہم کہا ہے کہ وہ شراب نوشی کو کم کریں اور اپنی سگریٹ نوشی کی عادت سے چھٹکارے کی کوشش کریں۔ وائٹ ہاؤس کے فزیشن نے بتایا ہے کہ 48 سالہ صدر بارک اوباما کا کولیسٹرول لیول خاصا بلند ہے انہیں اپنی خوراک کو اعتدال میں رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر بارک اوباما کا میڈیکل چیک اپ نیول میڈیکل سنٹر تبھسڈا میری لینڈ میں ہوا، جس میں تقریباً 90 منٹ صرف ہوئے۔ صدر اوباما نے اپنے میڈیکل چیک اپ کے بعد وہاں عراق اور افغانستان سے آئے ہوئے علاج کیلئے داخل 12 فوجی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔ صدر اوباما کے معالجین کے مطابق صدر اوباما 24 گھنٹوں میں 8 سے 10 سگریٹ پیتے ہیں اور زیادہ سگریٹ نوشی سے بچنے کیلئے نکوٹین چیونگم استعمال کرتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں یہ عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔