ایوب ٹیچنگ ہسپتال گلگت اور حسن ابدال سے آزاد کشمیر تک صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا واحد بڑا ادارہ ہے

شعبہ حادثات اتفاقیہ، آپریشن تھیٹر، لیبر روم اور آئی سی یو میں ہر طرح کی ادویات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں، ترجمان

جمعہ 6 اکتوبر 2017 16:21

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2017ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد سے گلگت اور حسن ابدال سے آزاد کشمیر تک صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا واحد بڑا ادارہ ہے۔ موجودہ انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، اس مقصد کیلئے ہسپتال کے اندر عملی بنیادوں پر بہت سی اصلاحات کی گئی ہیں۔ ان اصلاحات سے عوام کا ہسپتال پر اعتماد بحال ہوا ہے، زیادہ سے زیادہ لوگ طبی سہولیات کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کا رخ کر رہے ہیں۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں گورنمنٹ کے مروجہ قوانین کے مطابق تمام سرجیکل ڈسپوزل، انجکشن اور ڈرپس مفت میسر ہیں، شعبہ حادثات اتفاقیہ، آپریشن تھیٹر، لیبر روم اور آئی سی یو میں ہر طرح کی ادویات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان شفیق الرحمن نے اس حوالہ سے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ہسپتال میںداخل مریضوں کیلئے تمام ٹیسٹ، ایکسرے، سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کی سہولت بھی مفت فراہم کی جاتی ہے، تمام ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے جہاں ہسپتال میں دو انسپکشن کمیٹیاں موجود ہیں وہاں ساتھ ہی ساتھ 22 ماہر فارماسسٹ پر مشتمل ایک ٹیم موجود ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ادویات کے معیار اور فراہمی کو یقینی بناتی ہے، تمام ادویات کو مروجہ ڈرگ ایکٹ 1976ء کے قوانین کے مطابق ڈیل کیا جاتا ہے اور کسی بھی صورتحال میں ادویات کو 6 ماہ قبل مدت المیعاد سے قبل تبدیل کر دیا جاتا ہے۔

ہسپتال کے ترجمان کے مطابق امر قابل اطمینان ہے کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ادویات کی خریداری تین ماہ کی بنیادی ضرورتوں کے پیش نظر ہوتی ہے اور ادویات اپنے مقررہ وقت سے قبل ہی استعمال میں یقینی بنائی جاتی ہے۔ یہاں یہ امر قابل تحسین ہے کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جاتے ہیں جن میں ادویات کیلئے بہترین سٹوریج اور ٹمپریچر فراہم کیا جاتا ہے، فارمیسی سٹورز میں ایئر کنڈیشن اور ریفریجریٹر اور آئس لائنرز کی سہولیات میسر ہیں، لوڈشیڈنگ کی صورت میں بیک اپ جرنیٹرز کی سہولت موجود ہے۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے آغاز کے بعد ادویات کی مریضوں تک فراہمی کا عمل اور بھی شفاف اور یقینی بنا دیا گیا ہے، اس عمل کو باآسانی مانیٹر بھی کیا جا سکتا ہے، تمام ادویات کی خریدار کا عمل بذریعہ فارمیسی اینڈ تھراپوٹیکس کمیٹی کے ذریعہ گورنمنٹ کے منظور شدہ کمپنیوں اور ریٹس کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ کمیٹی قابل اور فرض شناس پروفیسر صاحبان پر مشتمل ہے جو اپنی طبی ماہرانہ تجربہ کی بنیاد پر ہسپتال کیلئے ادویات کو منتخب کرتے ہیں، ان ادویات کو باقاعدگی کے ساتھ مروجہ قوانین کے تحت مانیٹر کیا جاتا ہے اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری خیبر پختونخوا کے ذریعہ تجزیہ بھی کروایا جاتا ہے، ایوب ٹیچنگ ہسپتال کیلئے تمام مشینری کی خریداری باقاعدہ ایک رائج شدہ قانون (کے پی پی آر ای) کے تحت کی جاتی ہے۔

اس ضمن میں سامان کی خریداری کیلئے پرچیز کمیٹیاںتشکیل دی گئی ہیں، اس امرکو یقینی بنایا جاتا ہے کہ پرانی مشینوںکی مرمت کروا کر انہیں استعمال کے قابل بنایا جائے، جہاں تک خراب مشینوں کی مرمت کا تعلق ہے تو الیکٹرو میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بے مثال ہے، ایک ایک کر کے ہسپتال کی تمام مشینوں کو مرمت کر کے استعمال کے قابل بنایا جا رہا ہے جیسا 12 سال سے خراب فلورو سکوپی مشین کو ٹھیک کر کے فعال بنا دیا گیا ہے، آپریشن تھیٹر میں استعمال ہونے والی بہت سی خراب مشینوں اور ڈینسٹری میں بھی سالوں سے پڑی مشینری کو ٹھیک کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گذشتہ 8 ماہ میں جنوری 2017ء سے اگست 2017ء تک ہسپتال میں تقریباً 10715 مریضوں کے سی ٹی سکین کے گئے ہیں، اسی طرح 3960 مریضوں کو ایم آر آئی کی سہولت فراہم کی گئی ہیں، اس عرصہ میں 84,958 ایکسرے اور 22555 الٹرا سائونڈ کئے گئے ہیں، 37858 مریضوں کو ای سی جی، 619 مریضوں کو انجو گرافی اور 116 مریضوں کو اینجو پلاسٹی کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اس کے علاوہ 8147 مریضوں کے مفت ڈائلیسز کئے گئے اور 519,126 لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے، 4274 مریضوں کو ایکو کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں داخل مریضوں کیلئے یہ تمام ٹیسٹ اور ادویات بالکل مفت ہے، غریب اور نادار مریضوں کیلئے اینجو گرافی اور اینجو پلاسٹی کی سہولت بھی بالکل مفت کر دی گئی ہے، عوام کا ہسپتال پر بڑھتا ہوا اعتماد ہسپتال میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :