تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی

پیر 15 مارچ 2010 20:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔15مارچ۔ 2010ء) ملک بھر میں 3 روزہ پولیو کل سے شروع ہوگئی جس میں 5 سال تک کے 30 ملین بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ محکمہ صحت کی 43033 ٹیمیں اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے کام کر رہی ہیں جنہیں 7922 علاقائی، 1296 زونل اور 500 قومی سپروائزر مانیٹر کررہے ہیں۔ محکمہ صحت کے ایک آفیسر کے مطابق حالیہ پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت نے عزم کیا ہے کہ اس چیلنج سے ہر صورت نمٹا جائے گا جس کیلئے ملک بھر میں خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے جہاں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین عالمی معیار کے مطابق ہے اور سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک میں یہی ویکسین دی جارہی ہے۔ اقوام متحدہ ، دوست ممالک ، امداد دینے والے ممالک ، امدادی تنظیمیں، نجی ادارے اور پولیو فاﺅنڈیشن نے اپنے تمام تر وسائل پاکستان سے پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے وقف کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کو ہر صورت پولیو کے قطرے پلائیں عدم دستیابی کی صورت میں کسی بھی قریبی ویکسین سنٹر، ہسپتال یا مرکز صحت سے یہ قطرے پلائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے سماجی ، مذہبی رہنماﺅں ، میڈیا، محکمہ تعلیم اور ہیلتھ ورکرز سے بھی اپیل کی ہے کہ اس مہم کی کامیابی کیلئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :