درگئی میں گندگی کے ڈھیر اور رکشوں کی بھر مار سے پیدا ہونے والے آلودگی کے باعث پھیپھڑوں کا کینسر پھیلنے کا خطرہ

جمعہ 17 نومبر 2006 17:11

ملاکنڈ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17نومبر2006 )درگئی بازار میں گندگی کے ڈھیر اور ڈیزل انجنوں سے بننے والے رکشوں کی بھر مار سے پیدا ہونے والے آلودگی کی وجہ سے پھیپھڑوں کا کینسر پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ۔حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق :۔ درگئی بازار میں ڈیزل انجنوں سے بنے خودساختہ رکشوں سے نکلنے والے خطرناک دھواں انسانی جانوں کے لئے خطرے کی علامت بن گئی ۔

بازار میں ان رکشوں سے خارج ہونے والا دھواں سینے اور پھیپھڑوں کے امراض کا سبب بن رہا ہے لیکن پھر بھی ماحولیات اور مقامی حکام نے اس سنگین مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں اور کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ان میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے ۔ درگئی بازار میں ڈیزل انجنوں سے بنے رکشوں کی تعداد سینکڑوں میں ہیں لیکن نہ تو مقامی انتظامیہ اور ٹی ایم اے والے اس سے پوچھ گچھ کرتے ہیں اور نہ ہی صوبائی سطع پر کوئی پرسان حال ہے جبکہ ماحولیات کے ملکی اور غیر ملکی اداروں کی معنی خیز خاموشی سے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں اور کاروباری افراد نے مقامی انتظامیہ ، ٹی ایم اے کے اہلکاروں اور ماحولیات کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ درگئی بازار سے ان رکشوں کا خاتمہ کریں یا ان کے لئے بازار سے باہر اڈے کا بندوبست کریں تاکہ انسانی قیمتی جانو ں کو خطرہ نہ ہو اور پھیپھڑوں اور سینے کے بیماریوں پر قابو پانے میں مدد مل سکیں ۔