پاکستان کا نوجوان طبقہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے‘گورنر سلمان تاثیر

ہفتہ 20 مارچ 2010 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ ۔2010ء) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا نوجوان طبقہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایسے پڑھے لکھے نوجوانوں کی کھیپ تیار کر یں جو پاکستان کا بہترین اثا ثہ بنیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا کہ لارنس کالج گھوڑا گلی میں زیرِ تعلیم طلبہ آگے چل کر زندگی کے ہر شعبے میں مستقبل کے لیڈر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لارنس کالج کے فارغ التحصیل طلباء نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں یہ ان کا فرض ہے کہ جس ادارے نے ان کو اس مقام پر پہنچایا ہے وہ اس کالج کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنر شکالر شپ پر لارنس کالج میں داخل ہونے والے کم وسائل والے طلباء کی کارکردگی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہاکہ مالی وسائل کی کمی کا شکار ذہین اور مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہم سب کی قومی ذمّہ داری ہے۔ گورنر نے اس موقع پر لارنس کالج کے پرنسپل ائر کموڈور (ر) فاروق ایچ کیانی کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی جبکہ کالج کے 150ویں فاؤنڈرز ڈے کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں لارنس کالج کے پرنسپل ائر کموڈور(ر) فاروق ایچ کیانی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئر مین و جنرل آفیسر کمانڈنگ مری، میجر جنرل مقصود احمد کے علاوہ بورڈ آف گورنرز کے دیگر ممبران لیفٹیننٹ جنرل(ر) حامد رب نواز اور لیفٹیننٹ جنرل سجاد اکرم ،امتیاز احمد صاحبزادہ اور محمدعمیر ایڈیشنل سیکرٹری فنانس نے شرکت کی۔