ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس پارٹی کے مفاد میں صحت کے متعلق اصلاحات کے تاریخی بل کی حمایت کریں‘صدر اوبامہ

اتوار 21 مارچ 2010 14:59

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔21مارچ۔2010ء)امریکی صدر براک اوباما نے ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس سے کہا ہے کہ پارٹی کے مفاد میں صحت کے متعلق اصلاحات کے تاریخی بل کی حمایت کریں۔یہ صدر اوباما کی طرف سے اتوارکو ایوان نمائندگان میں بِل پر رائے شماری سے پہلے ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس کی حمایت حاصل کرنے کے سلسلے کی آخری کوشش تھی۔ہیلتھ کیئر میں اصلاحات صدر اوباما کی داخلی ترجیحات میں سے سب سے بڑی ترجیح ہے اور صحت سے متعلق اصلاحات کے بِل کو سینٹ نے گزشتہ برس منظور کیا تھا۔

اگر اتوار کے روز یہ ایوان نمائندگان یا کانگریس سے بھی منظور ہو جاتا ہے تو ان تین کروڑ بیس لاکھ امریکیوں کو ہیلتھ انشورنش کی سہولت حاصل ہو جائے گی جن کے پاس اب تک یہ سہولت نہیں ہے۔برطانوی ریڈیوکے مطابق اوباما انتظامیہ کو کانگریس سے بِل کی منظوری کے لیے دو سو سولہ ووٹ درکار ہیں۔

(جاری ہے)

صدر براک اوباما نے ڈیموکریٹ ارکان کانگریس سے اپنے تیس منٹ کے خطاب میں ان پر زور دیا کہ وہ پارٹی نہیں بلکہ امریکی عوام کے مفاد میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کے بِل کی حمایت کریں۔

اس بِل میں حمایت حاصل کرنے کی حتمی کوششوں کے کے بعد ڈیموکریٹ رہنماں کو یقین ہے کہ انہیں اتنے مطلوبہ ووٹ حاصل ہو جائیں گے۔صحت کے شعبے میں اصلاحات پر نو سو چالیس ارب ڈالر خرچ آئے گا اور یہ امریکہ میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا۔اس سے پہلے صدر اوباما نے ورجینیا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بل پر ریپبلیکنز اور چند ایک ڈیموکریٹس کے اعتراضات مسترد کر دیے۔

قانون سازوں اور عام شہریوں سے بل کی حمایت میں اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا اب ہی وقت ہے۔ صدر اوباما کی تقریر بڑی دھواں دھار تھی لیکن پھر بھی لگتا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہوا نکل چکی ہے، اور ان میں لوگوں کو بل کی حمایت میں ترغیب دینے کی خواہش نظر نہیں آتی۔انہوں نے اب تک اس بل پر ہونے والی ساری لڑائی کو گندی، حوصلہ شکن اور بیہودہ کہتے ہوئے کہا کہ حتمی تجویز ایک سالہ انتھک مباحثوں کا نتیجہ ہے۔