ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں او پی ڈی مریضوں کو نئی ویل چیئرز مہیا کر دی گئی، پیدل راستہ کے ساتھ باقاعدہ جگہ بھی بنا دی گئی

جمعرات 12 اکتوبر 2017 12:28

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں او پی ڈی مریضوں کو نئی ویل چیئرز مہیا کر دی گئی جس کیلئے پیدل راستہ کے ساتھ باقاعدہ جگہ بنا دی گئی جہاں سے مریض کو گاڑی سے اترتے ہی ضروت مند مریض کو ویل چیئرز مہیا کی جائے گی۔ اب او پی ڈی مریضوں کو ویل چیئرز کی کمی درپیش نہیں ہو گی، اسی جگہ پر مریضوں کی سہولت کیلئے باقاعدہ سٹاف بھی تعینات کیا گیا ہے جو مریضوں کو گاہے بگاہے رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کے ترجمان شفیق الرحمن کے مطابق قبل ازیں او پی ڈی کے مریض بھی ایمرجنسی سے ویل چیئرز استعمال کرتے تھے جس سے نہ صرف ایمرجنسی مریض متاثر ہوتے تھے بلکہ وہاں کبھی کبھار ویل چیئرز کی کمی دیکھنے میں آتی تھی، اسکے علاوہ مریضوں کو ویل چیئرز کی عدم دستیابی کا شکایات تھی۔

(جاری ہے)

ہسپتال انتظامیہ نے اس اہم مسئلہ کو آڑے ہاتھوں لیا اور 30 سے زائد ویل چیئرز مہیا کرتے ہوئے باقاعدہ پوائنٹ بنایا گیا، اب او پی ڈی میں ہر آنے والے مریض جس کو ویل چیئرز کی ضرورت ہو گی، وہ اس سہولت سے بآسانی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ مریضوں کی جملہ مشکلات پر غوروخوض کرتے ہوئے انہیں جلد سے جلد حل کرنے میں کوشاں ہیں۔ ہسپتال میں مریضوں کی بڑھتی تعداد اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ عوام کا اعتماد ادارہ ہذا پر بحال ہو رہا ہے۔ موجودہ انتظامیہ نے مریضوں کی سہولت ہی کیلئے ایمرجنسی، آئی سی یو، سی سی یو، نیورو آئی سی یو، نیونیٹل آئی سی یو جیسے انتہائی اہم منصوبے انتہائی قلیل وقت میں مکمل کئے جس سے علاقہ کے عوام مستفید ہو رہے ہیں، اسی طرح آئندہ کچھ ماہ بعد ماں اور بچوں کا ہسپتال بھی تمام تر رہنائیوں سے شروع کر دیا جائے گا۔