کمیونٹی مڈوائف ماں اوربچے کو گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے،،ارشاد کریم

اتوار 28 مارچ 2010 18:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔28مارچ۔2010ء) یونیسف کے صوبائی سربراہ ارشاد کریم نے کہا ہے کہ کمیونٹی مڈوائف ماں اوربچے کو گھر کی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اس لئے کمیونٹی مڈوائف کی خدمات سے استفادہ کرکے ہی ماں بچے کی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور میلنیم ڈویلپمنٹ گولز کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وہ مردان میں کمیونٹی مڈوائف کی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی تھے جبکہ سینٹر زاہد خان، سیکرٹری صحت سید سہیل الطاف اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ سرحد نے اس موقع پر صحت اور تعلیم کے شعبوں میں عالمی معاون اداروں کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

ارشاد کریم نے اپنے خطاب میں کمیونٹی مڈوائف کے منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ حلقوں بشمول محکمہ صحت، منتخب نمائندوں، علماء اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی آگاہی پر زور دیا۔

واضح رہے کہ یونیسف نے محکمہ صحت کے تعاون سے حاملہ ماؤں کو اُن کے گھر پر صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے کمیونٹی مڈوائف کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے مردان میں کمیونٹی مڈوائف کو مفت تربیت اور آلات فراہم کی گئیں۔ اس منصوبے کا مقصد ماؤں اور بچوں کی شرح اموات پر قابو پانا ہے۔ ہر سال پاکستان سے 30 ہزار مائیں زچگی کی پیچیدگیوں سے ہلاک ہوتی ہیں جو ماہرین کے لئے تشویش کا باعث ہے۔

متعلقہ عنوان :