جے یو آئی تحصیل رستم نے فری ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا

ایمبولینس 24گھنٹے مفت سروس دے گی‘صرف ایک کال پر منٹوں میں سروس فراہم کی جائے گی

پیر 16 اکتوبر 2017 13:02

رستم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) جے یو آئی تحصیل رستم نے فری ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ، ایمبولینس 24گھنٹے مفت سروس دیگی، اس سلسلے میں قمر آباد نواں کلی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے جے یو آئی کے سابق سینیٹر راحت حسین، مولانا طیب، سابق ایم پی ایزمولانا امانت شاہ حقانی، مولانا تاج الا مین جبل ، مفتی سلیم حلیمی ، مفتی حماد اللہ ، مفتی سخی بہادر، مفتی کامران ، مولانا محمد عاطف اور دیگر پارٹی قائدین اور کارکنان موجود تھے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی تحصیل مردان کے سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد عاطف کے مطابق فری ایمبولینس ہر خاص و عام کیلئے 24گھنٹے میسر ہوگی ، صرف ایک کال پر منٹوں میں سروس فراہم کی جائے گی ، جے یو آئی نے ہر دور میں عوام کے فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے ہیں اور آئندہ بھی اس طرح کے عوامی سہولیات و ضروریات کے پیش نظر اقدامات کریں گے ، سابق سینیٹر راحت حسین نے کہا کہ پاکستانی عوام دیگر پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں ایک مرتبہ پھر عوام کی نظریں جے یو آئی پر مرکوز ہوچکی ہے، جے یو آئی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر فورم پر عوامی نمائندگی کرکے عوام کا ترجمان جماعت ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد وقت کا تقاضا ہے ہماری کوشش ہے کہ ایک بار پھر دینی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں اس کے لئے مشاورت جاری ہے اور عنقریب عوام کو خوشخبری دیں گے۔