قلم، پھانسی یا موت سے کوئی ڈر نہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، صدر زرداری

اتوار 4 اپریل 2010 11:17

نوڈیرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔4اپریل۔2010ء) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قلم، پھانسی یا موت انھیں ڈرا نہیں سکتی، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور وہ جسے چاہیں بادشاہ بناسکتے ہیں اور جسے چاہیں فقیر ۔ اٹھارہویں ترمیم منظور ہونے کے بعد آمریت کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

نوڈیرو میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف عوام کو فوج کےساتھ ملکر صف آرا ہونا ہو گا ، دہشتگردی کی جنگ امریکا کے اشارے پر نہیں بلکہ اپنی نسلوں اور ملک کو بچانے کے لئے لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہادت ہماری منزل اور عوام کی خدمت ہمارا ایمان ہے ، ملکی سلامتی کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکن ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے ہمیشہ شہادتیں پیش کرتے رہیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کے حوصلے ایک بار پھر بلند مضبوط کر دے گی۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کے اسمبلی میں پیش ہونے پر وہ گڑھی خدابخش کے شہداءکو خراج عقیدت اور کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔