طبی شعبے کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں‘میاں شہباز شریف

منگل 6 اپریل 2010 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔6اپریل ۔2010ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ طبی شعبے کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ و دور دراز علاقوں کے عوام کے لئے جدید طبی سہولتوں سے آراستہ موبائل ڈسپنسریوں کے منصوبے کا بھی جلدآغاز کیا جار ہا ہے-انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت طبی شعبے کی بہتری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کرے ۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز پرائمری ہیلتھ کیئر کے حوالے سے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سیکرٹری صحت ‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ‘ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر ہیلتھ ریفارمز پروگرام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی -چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب رورل سپورٹ پروگرام عابد سعید نے وزیر اعلیٰ کے پرائمری ہیلتھ کیئر کی بہتری کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی -وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبی شعبے کی بہتری کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے مثبت نتائج اسی وقت برآمد ہو سکتے ہیں جب صحت کے شعبے سے وابستہ افراد اپنے فرائض محنت ‘ ایمانداری اور احساس ذمہ داری سے سرانجام دیں- انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مشاہرے میں نہ صرف اضافہ کیا گیا ہے بلکہ ان کے سروس سٹرکچر کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عام آدمی کو علاج معالجے کی سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں- انہوں نے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت میں طبی سہولتوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے اور عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے درآمد کی جانے والے کروڑوں روپے کی مشینری ڈبوں میں بند پڑی رہتی ہے اور اس کا مشاہدہ انہوں نے خود صوبے کے مختلف دیہی و بنیادی مراکز صحت کے دورے کے دوران کیا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف صحت کے شعبے کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے بلکہ اس شعبے کی بہتری کے لئے ایسے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- عام آدمی کو گرمی کی شدت سے بچانے اور توانائی کی باقاعدگی سے فراہمی کے لئے اربوں روپے سے ہسپتالوں میں جنریٹرز اور ایئر کنڈیشنرز فراہم کئے گئے ہیں جبکہ مفت ڈائیلسز اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاگیا ہے- انہوں نے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ پسماندہ علاقوں کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ موبائل ہسپتالوں کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے -انہوں نے کہا کہ ان موبائل ہسپتالوں میں محکمہ صحت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا بلکہ ان کی مینجمنٹ ‘ ڈاکٹرز‘ نرسیں اور دیگر تمام سہولتوں کاموبائل ہسپتال فراہم کرنے والے خود اہتمام کریں گے اور یہ منصوبہ مکمل آؤٹ سورس ہوگا اور اس منصوبے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم اپنایا جائے گا- انہوں نے کہاکہ طبی شعبے کی بہتری کے لئے حکومتی اقدامات اور وسائل کے استعمال کی مانیٹرنگ کے لئے جامع نظام وضع کیا جائے اور اس ضمن میں محکمہ صحت سیٹلائٹ سسٹم سے استفادہ کرے اور اس ٹیکنالوجی کے استعمال میں سبقت لے - انہوں نے کہا کہ پنجاب رورل سپورٹ پروگرام دیہی علاقوں میں عوام کو علاج معالجے کی فراہمی میں بہتر کردار ادا کر رہا ہے تاہم اس پروگرام کو جاری رکھنے ‘ اس کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے بہتر نتائج کے حصول کے لئے اس کی کارکردگی کو مزید موثربنانے کے لئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کی جائیں اور اس ضمن میں قائم کی جانے والی کمیٹی چار روز میں اپنی جامع رپورٹ پیش کرے -قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب رورل سپورٹ پروگرام نے پرائمری ہیلتھ کیئر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام 1997ء میں شروع کیا گیا تھا اور اس کا مقصد دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی بھی تھا-انہوں نے کہا کہ پروگرام کی دیہی علاقوں میں طبی شعبے میں کارکردگی بہتر رہی ہے - اجلاس کے شرکاء نے بھی پنجاب رورل سپورٹ پروگرام میں توسیع اور اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی اپنی آراء سے آگاہ کیا۔