تمام طبقوں و بین الاقوامی ڈونر اداروں کے تعاون سے ملک سے پولیو جیسی مہلک بیماری کا خاتمہ کر دیا جائیگا۔وزیر صحت

اتوار 19 نومبر 2006 17:38

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19نومبر2006 ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر طاہر علی جاویدنے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقوں و بین الاقوامی ڈونر اداروں کے تعاون سے ملک سے پولیو جیسی مہلک بیماری کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ تعلیم‘ بلدیات اور دوسرے اداروں کو بھی اس بیماری کے خلاف مہم میں متحرک کر دیا ہے اور حکومت اس سلسلے میں نجی شعبہ اور غیر سرکاری فلاحی تنظیموں کو بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔

روٹری کلب کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام نے صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور علاج معالجہ کے لیے ضروری انتظامات ابتداء سے ہی مکمل کر لئے تھے اور تمام پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں اس کے علاج کی ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا جبکہ اس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کِٹس بھی منگوالی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اب تک ڈینگی بخار کے مریضوں میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور آنے والے دنوں میں صورتحال میں مزید بہتری آ جائے گی۔

وزیر صحت نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کو صحت کی معیاری و جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے میگا پراجیکٹس شروع کئے ہیں جن میں ملتان ‘ فیصل آباداور وزیر آباد میں امراض قلب کے ادارے ‘ ملتان‘ فیصل آباد اور لاہور میں برن ہسپتالوں کا قیام اور لاہور میں ایشیا ء کے سب سے بڑے کینسر ہسپتال کے قیام جیسے بڑے منصوبے شامل ہیں ۔وزیر صحت نے کہا کہ صوبے میں لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب کا ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام شروع کیا گیا ہے اس پروگرام کے تحت ایک سال کے اندر دیہی مراکز صحت جبکہ دو سالوں میں بنیادی مراکز صحت میں تمام عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ان مراکز صحت میں سٹاف‘ عمارت‘ پانی‘ گیس ‘ بجلی اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی پر دو برسوں میں 5.5 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے اور صوبہ کے 295 رورل ہیلتھ سنٹروں میں جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے اضلاع کو ایک ارب روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :