چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کیلئی ملک گیر پنک ربن مہم جاری

غیر سرکاری تنظیم ویمن امپاورمنٹ کی طرف سے فیصل مسجد کو پنک رنگ کے برقی قمقموں سے سجایا گیا

پیر 23 اکتوبر 2017 20:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ویمن امپاورمنٹ کی طرف سے ایک ماہ پر مشتمل ملک گیر پنک ربن مہم کے دوران پیر کو فیصل مسجد کو پنک رنگ کے برقی قمقموں سے سجایا گیا، جس کا مقصد عوام الناس بالخصوص خواتین کو مرض کی علامات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر پنک ربن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال اکتوبر کے مہینہ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے طور پر منایا جاتا ہے، اس حوالے سے مختلف آگاہی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، رواں ماہ اس حوالے سے مختلف سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں خواتین کو چھاتی کے سرطان سے بچنے کی مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم مختلف رفاحی اداروں اور ماہرین صحت کے ساتھ ملکر اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات اٹھاتی ہے اور اس دوران خواتین کو مرض کی حساسیت اور اس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتی ہے کیونکہ یہ مرض ابتدائی تشخیص پر قابل علاج ہے اس لئے ہچکچاہٹ کی بجائے خواتین کو فوری طور پر اس مرض کا علاج کرانا چاہئے جس سے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق رواں سال پوری دنیا میں 1.2 ملین افراد میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، گزشتہ سال چھاتی کے کینسر کے نتیجے میں 40 ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی گئیں ،, عمر آفتاب کا کہنا ہے کہ پنک ربن چھاتی کے کینسر سے آگاہی کی شناختی علامت بن چکا ہے، جس کا مقصد خواتین کو اس بیماری سے متعلق مکمل آگاہی اور رہنمائی فراہم کرنا ہے، اگر کینسر کی شروع میں تشخیص ہو جائے تو مریض کو ممکنہ حد تک بچایا جا سکتا ہے۔

سی ای او پنک ربن نے کہا کہ اس ضمن میں 2004ء میں ویمن امپاورمنٹ نے پہلا قدم اٹھایا اور ملک بھر میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے پنک ربن مہم کا آغاز کیا، رواں سال 5 لاکھ خواتین کو پورے ملک میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاچکی ہے۔پنک ربن کے تحت ڈاکٹرز نے 14 ہزار خواتین کا فری چیک اپ اور 2 ہزار خواتین کی فری میمو گرام اسکریننگ کی۔