ممتاز عالم دین اور تنظیم اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر اسرار احمد 78برس کی عمر میں انتقال کر گئے ‘مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ،مرحوم گزشتہ کچھ عرصہ سے عارضہ قلب او رکمر کی تکلیف میں مبتلا تھے ‘ منگل اور بدھ کی درمیانی رات اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے،ملک ایک ممتازمبلغ اورمذہبی اسکالرسے محروم ہوگیا ‘ان کی دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا‘مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی مرحوم کے انتقال پر تعزیت

بدھ 14 اپریل 2010 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل ۔2010ء)ممتاز عالم دین اور تنظیم اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر اسرار احمد 78برس کی عمر میں انتقال کر گئے جنہیں بدھ کے روز نماز جنازہ کے بعد لاہو رکے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ‘ مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے ڈاکٹر اسرار احمد کی وفات پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ایک ممتازمبلغ اورمذہبی اسکالرسے محروم ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اسرار کے بیٹے ڈاکٹر عارف نے بتایا کہ انکے والد گزشتہ کچھ عرصہ سے عارضہ قلب اور کمر کی تکلیف میں مبتلا تھا ‘منگل اور بدھ کی درمیانی رات انکی طبیعت اچانک خراب ہو گئی لیکن انہیں ہسپتال لیجانے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے منع کر دیا اور ڈاکٹر نے گھر پر آکر ا نکا چیک اپ کیا لیکن وہ جانبر ہو سکے اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹراسرار احمد کی عمر 78برس تھی جبکہ انہوں نے سوگواران میں بیوہ،چار بیٹے اور پانچ بیٹیاں چھوڑے ہیں ۔ڈاکٹر اسرار احمد کی نماز جنازہ سنٹرل پارک ماڈل ٹاوٴن اد اکی گئی جو انکے بیٹے ڈاکٹر عاکف اسرار نے پڑھائی جسکے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن، قاضی حسین احمد، مولانا سمیع الحق اور لیاقت بلوچ سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ‘ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ‘ مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی ‘متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین ‘ منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے تنظیم اسلامی کے بانی اورملک کے ممتاز دینی اسکالر ڈاکٹر اسرار احمدکے انتقال پر دلی افسوس اورگہرے رنج وغم کااظہارکیا ہے۔

سوگوار خاندان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹراسراراحمد کے انتقال سے ملک ایک ممتازمبلغ ‘مذہبی اسکالر اور عظیم عالم دین سے محروم ہوگیا ہے۔ہم سب انکے اہل خانہ اورشاگردوں سمیت تمام عقیدت مندوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ مرحوم ایک بلند پایہ عالم دین اور کئی دینی کتابوں کے مصنف بھی تھے او رانہوں نے اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حوالے نمایاں کردار ادا کیا اور ان کی دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا-رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاکرے اورسوگواروں کوصبرجمیل عطا کرے۔