پولیو موذی مرض ہے، اس سے نجات کے لیے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو حفاظتی قطرے پلوائے جائیں،ڈپٹی کمشنر خضدار

پیر 30 اکتوبر 2017 16:35

خضدار ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ پولیو ایک مہلک اور موذی مرض ہے اس سے نجات کے لیئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلوائیں جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیچنگ اسپتال خضدار میں سہ روزہ پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔پولیو مہم کا افتتاح اس مرض سے متاثر ایگریکلچر آفیسر دانش سلیم نے کیا۔

دانش سلیم نے بتایا کہ وہ 1990ء میں پولیو کے مرض کا شکار ہوا لیکن اس معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا۔انھوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ وہ ابدی معذوری سے بچ سکیں۔ ڈاکٹر شفیع دانش نے ڈپٹی کمشنر خضدار کو بتایا کہ ضلع خضدار کی43 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی سہ روزہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلائیں جائینگے جب کہ چار سو سولہ گشتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چوبیس فکسڈ اور گیارہ ٹرازٹ مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ پانچ سال سے کم عمر تمام پچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلانے کو یقینی بنائیں تاکہ پولیو سے پاک صوبے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے تدارک کے لیئے زندگی کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈی ایچ او خضدار ڈاکٹر فضل محمد زہری ،میدیکل سپرنٹنڈٹ ڈاکٹر عبدالواحد ،پی پی ایچ آئی کے محمد شریف بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :