حکومت محسن پاکستان ڈاکٹرقدیرکی صحت کے حوالے سے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔ ممتاز علی میمن

منگل 21 نومبر 2006 16:03

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21نومبر2006 ) متحدہ مجلس عمل سندھ کے رہنما اور جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹرممتاز علی میمن، مولانا عبدالوحیدقریشی، نویدعبدالباقی اور مجاہد چنا نے میڈیا میں محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی صحت کے حوالے سے آنے والی خبروں پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی نظربندی کرکے انہیں اپنی مرضی کے مطابق علاج ومعالجہ کی سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے آج ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ جس شخصیت نے پاکستان کوایٹمی قوت بناکر دشمن کے لئے ناقابل تسخیربنادیا اور اس شخص کے ساتھ موجودہ حکمرانوں کا تضحیک آمیزرویہ افسوس ناک ہے۔ خون میں گلٹیوں کامرض اتنا خطرناک ہے کہ اس سے ڈاکٹرخان کوخدانخواستہ کسی بھی وقت ہارٹ اٹیک یافالج کا حملہ ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

مگرغیروں کے آلہ کارحکمراں انہیں بہترعلاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی بجائے نظربندی سمیت مختلف اذیتوں سے دوچار کررہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی غفلت اور آمرانہ اقدامات کی وجہ سے خدانخواستہ ڈاکٹرقدیر خان کو کچھ ہوتو پھر حکومت اپنے آپ کوپاکستانی قوم کے غیض وغضب سے نہیں بچاسکے گی۔ رہنماؤں نے کہاکہ حکمرانوں کے لئے کتنے افسوس اور شرم کی بات ہے کہ پڑوسی ملک نے اپنے سائنسدان کوملک کاسب سے اعلی عہدہ دیا ہے۔مگرہمارے حکمراں اپنی کرسی اور آقاؤں کوخوش کرنے کے لئے کبھی ڈی بریفنگ کے نام پران سے پوچھ گچھ تو کبھی اس مقصد کے لئے امریکہ کے حوالے کرنے سمیت مسلسل اپنے محسن کوذہنی اذیت میں مبتلاکئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت محسن پاکستان ڈاکٹرقدیر خان کی صحت کے حوالے سے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے، ذاتی معالج کی سہولت اورنظربندی فوری ختم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :