بریسٹ کینسر سے آگاہی اوراحتیاطی تدابیراختیار کرنے کے بارے میں واک کا انعقاد

پیر 6 نومبر 2017 13:20

بریسٹ کینسر سے آگاہی اوراحتیاطی تدابیراختیار کرنے کے بارے میں واک ..
فیصل آباد۔6 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر بریسٹ کینسر سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیراہتمام آگاہی واک منعقد کی گئی جس کی قیادت ارکان صوبائی اسمبلی حاجی خالد سعید، مدیحہ رانا اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد نے کی جبکہ سی ای او(ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر ظفر عباس،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈاکٹر بلال احمد اوردیگر ڈاکٹرز کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی بڑی تعداد میں واک میںشریک تھیں۔

واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے احتیاطی تدابیر پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے کہا کہ بریسٹ کینسر(چھاتی کا سرطان)خواتین میں پائی جانے والی سب سے عام کینسر کی بیماری ہے جس سے بچائو کیلئے احتیاط ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین علامات کی صورت میں اپنا فوری طبی معائنہ اوربالخصوص 40سال سے زائد عمر خواتین فورا میموگرافی کرائیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 7کروڑ روپے کے خطیر فنڈز سے الائیڈہسپتال میں جدید مشینری سے آراستہ بریسٹ کلینک قائم کیا ہے جہاں کروڑوں روپے سے معمولی سے کینسر کی تشخیص کیلئے جدید میمو گرافی کی سہولت موجود ہے۔انہوں نے بریسٹ کینسر سے آگاہی اوراحتیاطی تدابیراختیار کرنے کے بارے میں منعقدہ واک کے انعقاد کو سراہا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے بچائو کیلئے احتیاط لازم ہے اوربروقت علاج سے اس بیماری سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔

سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے بریسٹ کینسر کی علامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چھاتی میں درد،چھاتی میں گلٹی یارسولی،سوجن اور چھاتی کے کسی حصے سے خون یا رطوبت کے آنے کی صورت میں فوراً متعلقہ ڈاکٹرسے رجوع کیا جائے۔