نزلہ، زکام کے مریض صحت مند لوگوں سے میل جول کم کریں، طبی ماہرین

پیر 6 نومبر 2017 15:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) ماہر امراض ناک ، کان و گلہ پروفیسر ڈاکٹر اسلم نے کہاہے کہ شہری موسمی فلو سے نہ گھبرائیںاور محکمہ صحت کی طرف سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے خود کو مرض سے دور رکھیں۔یہاں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ نزلہ ، زکام کا وائرس کھانسنے اور چھینکنے سے پھیلتاہے اور ایک کمرے میں مریض اور صحت مند افراد کے اکٹھے رہنے سے بتدریج تمام افراد فلو کا شکار ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کھانستے اور چھینک کے وقت منہ اور ناک کو رومال سے ڈھانپ کر رکھنا چاہیے ، صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھوئے جائیں،آلودہ ہاتھوں سے آنکھوں ، منہ اورناک کو نہ چھوا جائے اور مریض خود بھی احتیاط برتیں، مرض میں مبتلا ہونے کی صورت میں صحت مند لوگوں سے میل جول کم رکھیں تاکہ بیماری مزید نہ پھیلے ۔ انہوں نے کہاطبی اصولوںپر عمل کرکے ہم نہ صرف خود صحت مند رہ سکتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔