صدر آصف زرداری نے قلات میں تین بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا، صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب، ذمہ داروں کو سزا سے نہیں بچنا چاہیے، متاثرین کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، صدر

جمعہ 30 اپریل 2010 18:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل۔2010ء) صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع قلات میں تین بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر نے اس واقعے کو بربریت پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا سے نہیں بچنا چاہیے، صوبائی حکومت انہیں گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

صدر نے کہا کہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ دو ہفتوں کے اندر قلات اور دالبندین میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے دو واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو مزید ہدایت کی کہ وہ ان واقعات کے متاثرین کو مکمل طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے۔