مقبوضہ کشمیر‘بھارتی فورسز اور مسلح ایجنٹوں کی ظالمانہ کاروائیوں میں کشمیر یونیورسٹی کے طالب علم اور انجنیئر سمیت 4 نوجوان شہید،بانہال میں بھارتی فوج نے شہری کے تین منزلہ رہائشی مکان کو مارٹر شیلنگ سے تباہ کر دیا‘ملبے سے دو لاشیں برآمد،صورہ میں امام مسجد کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال‘بھارتی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں،پونچھ میں مجاہدین کا بھارتی ایجنٹوں پر دستی بم سے حملہ‘راجوری میں عوام کو لوٹنے والے تین نقلی مجاہد گرفتار

بدھ 22 نومبر 2006 12:16

سرینگر+ بانہال(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22نومبر2006 ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز اور مسلح ایجنٹوں نے کشمیریونیورسٹی کے طالب علم اور انجنیئر سمیت 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا-جبکہ بھارتی فوج نے امام مسجد کو گرفتار کر لیا جس کے خلاف سینکڑوں افرادنے شدید احتجاج کیا-تفصیلات کے مطابق بھارتی ایجنٹوں نے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں کشمیریونیورسٹی کے ایک طالب علم محمد یوسف ڈار ولد غلام محی الدین کو اغواء کے بعد شہید کر دیا-مذکورہ طالب علم کو اتوار کو ان کے گھر گلاب باغ سے اغواء کر لیا تھا پولیس نے اس کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمدکر لی لاش پر تشدد کے بھی نشانات پائے گئے-اونتی پورہ میں اس واقعہ کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے-ادھر بھارتی فوج کی 23 راشٹریہ رائفلز اور پولیس ٹاسک فورس نے سری نگر جموں شاہراہ پر بانہال قصبے کا اچانک محاصرہ کیا بھارتی فوجیوں نے محاصرے کے دوران بشیر احمد چوپان نامی شہری کا تین منزلہ مکان مارٹر شیلنگ سے تباہ کر دیا-مکان کے ملبے سے فرید احمد چوپان ولد عبدالرشید سمیت دو نوجوانوں کی سوختہ لاشیں برآمد کر لیں بھارتی فورسز نے دعوی کیا کہ فرید احمد کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا اور وہ تنظیم کا سیکشن کمانڈر تھا مکان کے ملبے سے دوسرے نوجوان شبیر احمد ولد عبدالرحمان ساکنہ دھلی گام کی لاش بھی برآمد کی گئی جبکہ مقامی آبادی کے مطابق بھارتی فوجیوں نے فرضی جھڑپ کے دوران مارٹر شیلنگ سے نوجوانوں کو شہید کیا اس واقعہ کے خلاف بانہال میں سینکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف مظاہرے کئے- مظاہرین آزادی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے-بھارتی ایجنٹوں نے ضلع بارہمولہ کے ماموسہ پٹن کے علاقے میں ایک انجنیئر بشیر احمد تونترے ولد عبدالجبار کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا-بھارتی فورسز نے سرینگر کے صورہ علاقے میں دھل باغ مسجد کے امام عامر حمزہ شاہ ساکنہ کوئل مقام بانڈی پورہ کو گرفتار کر لیا-حمزہ شاہ گزشتہ 12 برسوں سے صورہ میں امامت کے فرائض سرانجام دے رہے تھے اس گرفتاری کے خلاف صورہ کے لوگوں نے سڑکوں پر آ کر احتجاج کیا بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے- مظاہرین کی بھارتی فورسز سے جھڑپیں ہوئیں وہ امام مسجد کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے-مجاہدین نے مقبوضہ پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں بھارتی ایجنٹوں پر دستی بموں سے حملہ کیا یہ حملہ تعمیرات عامہ محکمے کے کوارٹرز پر کیا گیا اس حملے کے بعد بھارتی ایجنٹوں نے محکمے کے دو ملازموں ارشاد احمد اور نور احمد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا- بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے منجھ کوٹ علاقے میں شہریو ں کو لوٹنے والے تین نقلی مجاہدین کو حراست میں لے لیا جن کی شناخت محمد جاوید ‘محمد جہانگیر ساکنان گھمبیر اور حنیف ساکن بیروٹ بتائی جاتی ہے- پولیس نے دعوی کیا کہ مذکورہ نوجوان لکڑی کی نقلی بندوق سے گاؤں والوں کو رات کے وقت ڈراتے دھمکاتے تھے اور ان سے روپے بٹور کر غائب ہو جاتے تھے-