ایران میں زخمی پاکستانی سفیر محمد بخش عباسی صحت یابی پر ہسپتال سے فارغ

جمعرات 13 مئی 2010 16:19

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2010ء) ایران میں پاکستان کے زخمی سفیر محمد بخش عباسی کو صحت یابی پر ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق منگل کو ایرانی دارالحکومت تہران کی ایک گلی میں واک کے دوران افغان نوجوان کے ہاتھوں مارپیٹ اور مبینہ قاتلانہ حملے کا شکار ہوکر زخمی ہونے والے پاکستانی سفیر محمد بخش عباسی کو طبی امداد کیلئے تہران کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں موجود ڈاکٹروں کے مطابق پاکستانی سفیر حملے میں معمولی زخمی ہوئے تھے اب ان کے زخم بھر چکے ہیں اور ان کی صحت بہتر ہے جس پر انہیں ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

حملے کے بعد ایرانی پولیس نے حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کرلیا تھا جس سے اب تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان رامن مہمان پرست نے ان میڈیا رپورٹوں کی تردید کی ہے کہ پاکستانی سفیر پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ محمد بخش عباسی تہران کی ایک گلی میں واک کررہے تھے کہ ایک غیر مسلح افغان نوجوان نے ان پر حملہ کردیا اور انہیں مارپیٹ کا نشانہ بنایا ۔ ادھر پاکستانی حکام نے بھی بعض غیر ملکی خبررساں اداروں کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ اس حملے میں کئی دیگر افراد ہلاک ہوئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :