امراض قلب سمیت مختلف ادویات مارکیٹ سے غائب ہونے کیخلاف سمیت 2تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 16 نومبر 2017 13:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2017ء) امراض قلب سمیت مختلف ادویات مارکیٹ سے غائب ہونے اور ٹف ٹائلز منصوبوں میں ناقص میٹیریل کے استعمال کے خلاف پنجاب اسمبلی میں 2تحاریک التوائے کار جمع کروا دی گئیں ۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر محمد سبطین خان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز مافیا ادویات کی مصنوعی قلت کے لیے متحرک ہے ، امراض قلب سمیت مختلف ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں،ادویات غائب ہونے سے شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ، مصنوعی قلت پیدا کرنے کا مقصد ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے ہے ،مریض ادویات کی عدم دستیابی سے مایوس ہیں ،فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے انسانی جانوں سے کھلواڑ شروع کردیا ہے جس سے عوام میں میں سخت تشویش اور غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انکا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔جبکہ مسلم لیگ (ق) کے رکن اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں ٹف ٹائلز کے منصوبوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، ٹف ٹائلز کی تیاری میں انتہائی ناقص میٹیریل کا استعمال ،واربرٹن میں لگائی جانے والی ٹائلوں کا حسن لگاتے ہی ماند،ناتجربہ کار کاریگر کام کر رہے ہیں جو لیول ہی برقرار نہیں رکھ پانرہے۔ٹھکیدار افسروں کی ملی بھگت اور سیاسی آشیرباد سے قومی خزانے کو نقصان،شہری و سماجی حلقوں میں اس حوالے سے سخت تشویش پائی جاتی ہے۔انکا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔