ریڈ کراس نے طالبان کو تربیت اور طبی آلات فراہم کئے، برطانیہ

بدھ 26 مئی 2010 17:12

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی۔2010ء) معروف برطانوی اخبار ”گارڈین“ نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی امدادی تنظیم ریڈ کراس نے افغانستان میں طالبان کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت اور طبی آلات فراہم کئے ہیں جس کا مقصد اتحادی اور افغان فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے جنگجوؤں کو میدان جنگ میں ہی فرسٹ ایڈ مہیا کرنا ہے۔ ”گارڈین“ اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جنگ اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے بہت سے زخمی بیمار افغان باشندے ہسپتال نہیں پہنچ پاتے اور اس لئے ادارے نے ان افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو اس جنگ میں براہ راست ملوث ہیں۔

تنظیم کے مطابق اس پروگرام کے تحت صرف اپریل میں 70 طالبان نے ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

ریڈ کراس نے جنگجوؤں کو ہی نہیں بلکہ سو سے زیادہ افغان فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو بھی ایسی تربیت فراہم کی۔ اس کے علاوہ ہلمند اور قندھار کے ان ٹیکسی ڈرائیوروں کو بھی تربیت دی گئی جو اپنی گاڑیوں کو غیر سرکاری ایمبولینس سروس کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

کابل میں نیٹو کے ترجمان نے بتایا کہ ریڈ کراس کی انسانی بنیادوں پر خدمات کو غیر جانبداری سے ادا کرنے کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔ ایساف فورسز بھی جھڑپوں کے دوران تمام زخمیوں کا انسانی بنیادوں پر علاج کرتی ہے چاہے وہ دشمن ہی کیوں نہ ہو۔ واضح رہے کہ ریڈ کراس کے کارکن سو سے زائد افغان سیکورٹی اہلکاروں کو پہلے ہی یہ تربیت دے چکے ہیں جبکہ افغان صوبے ہلمند اور قندھار میں نجی گاڑیوں کو بطور ایمبولینس چلانے والے افراد بھی اس تربیتی پروگرام سے مستفید ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :