Live Updates

صحتمند معاشرہ کی تشکیل میں صحت مند ماحول اہم کردار ادا کرتا ہے، محمد شہباز شریف

اتوار 6 جون 2010 18:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔06جون۔2010ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں صحت مند ماحول اہم کردار ادا کرتا ہے،پنجاب حکومت عوام کو صاف ستھرا ماحول اور بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور صوبے بھر میں ہارٹیکلچر کو فروغ دیاگیاہے‘ ترقیاتی منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگاکر انہیں خوبصورت بنایا جارہاہے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں لگائے گئے پودوں‘ گرین بیلٹس اور لینڈ اسکیپنگ کی دیکھ بھال کے لئے بھی موثر نظام وضع کیاجائے-وہ یہاں صوبائی دارالحکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں اراکین صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال خان‘ اعجاز احمد‘ کمشنر و ڈی سی او لاہور اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی- ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے عبدالجبارشاہین نے صوبے کے دارالحکومت کی سڑکوں پر ہارٹیکلچر کے کام اور پارکوں کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-و زیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تناؤ کے موجودہ دور میں بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی نہایت اہمیت کی حامل ہے اور حکومت اس مقصد کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے- انہوں نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری‘ لینڈ اسکپینگ اور گرین بیلٹس بنا کر ترقیاتی منصوبوں کو جاذب نظر بنایاجارہاہے اور صوبے بھر میں نئے پارکوں کی تعمیر کے علاوہ پہلے سے موجود پارکوں کو مزید بہتر بنایاجارہاہے- انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت کے تاریخی حسن کو بحال کرنے کے لئے اسے بل بورڈز سے پاک کیاجارہاہے اور آئندہ شہر میں صرف حکومت کی پالیسی کے مطابق ہی بل بورڈز آویزاں ہوسکیں گے- انہوں نے کہا کہ بل بورڈز اور پبلسٹی کے حوالے سے ایک ہفتے کے اندر جامع کمرشل پالیسی مرتب کرکے پیش کی جائے اور اس مقصد کے لئے کمرشل کمپنیوں اور ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے تاکہ جامع اور شفاف پالیسی مرتب کی جاسکے- انہوں نے کہاکہ کلمہ چوک سے نہر کی طرف جانے والی سڑک کی حالت بھی انتہائی ناگفتہ بہ ہے اسے فوری طور پر درست کرایاجائے تاکہ شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے- انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں ہارٹی کلچر کے بہترین کام پر ڈی جی پی ایچ اے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لئے بھی موثر نظام وضع کیاجائے- انہوں نے کہاکہ ماہ ستمبر میں ہارٹیکلچر کے حوالے سے سڑکوں کا مقابلہ کرایاجائے گااور جن پانچ سڑکوں پر ہاٹیکلچر کا بہترین کام ہوا ہوگا اس پر متعلقہ افراد کو انعامات دیئے جائیں گے- انہوں نے کہاکہ محنت اور کام وقت کی ضرورت ہے اور جو اہلکار محنت سے کام کریں گے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ فرائض سے کوتاہی برتنے والوں کو معاف نہیں کیاجائے گا- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت میں پلے گراؤنڈز اور پارکوں کی تعمیر کے حوالے سے سفارشات پیش کی جائیں-ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے عبدلجبار شاہین نے صوبائی دارالحکومت کی سڑکوں اور پارکوں کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا- انہوں نے جلوپارک میں بوٹینکل گارڈن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات