نئے وفاقی بجٹ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا، نواز شریف، غریب طبقے کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہو گا، 7 سو ارب روپے کا بجٹ خسارہ صرف قرضوں کے ذریعے پورا کرنے کی حکمت عملی ملکی معیشت کی مزید تباہی کا باعث بنے گی، پنجاب حکومت وفاق اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں خود کو بطور رول ماڈل پیش کرے، نیا صوبائی بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے، سینئر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو، اجلاس سے خطاب

پیر 7 جون 2010 18:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جون۔2010ء) سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نواز شریف نے کہاہے کہ نئے وفاقی بجٹ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا اور غریب طبقے کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہوگا،7سو ارب روپے کا بجٹ خسارہ صرف قرضوں کے ذریعے پورا کرنے کی حکمت عملی ملکی معیشت کی مزید تباہی کا باعث بنے گی،توانائی کے سستے ذرائع اپنا کر ہی ملک سے غربت کا خاتمہ اور روزگار میں اضافے کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں،پنجاب حکومت وفاق اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں خود کو بطوررول ماڈل پیش کرے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں پارٹی کے سینئر رہنماؤ ں سے گفتگو اور پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2010-11ء کے نئے وفاقی بجٹ میں معیشت کی حقیقی بحالی کیلئے کوئی مثبت اور ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے،قرضوں سے نجات اور خود انحصاری کے پروگرام پر عمل کر کے ہی ملکی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کی تمام شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں نئے صوبائی بجٹ میں عام آدمی کی مشکلات کا خاص خیال رکھا جائے اور کوئی ایسا ٹیکس نہ لگایا جائے جس سے عام آدمی پر بوجھ پڑے اس بجٹ میں عوام کی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دی جائے اور اسے حقیقی معنوں میں عوام دوست بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ لاہورمیں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات میں پیشرفت اور ان کے ذمہ داروں کو بھی جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایاجائے ۔جائزہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے صوبائی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں قائدحزب اختلاف چوہدری نثار علی خان، سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر پرویز رشید،سرتاج عزیز، احسن اقبال، حمزہ شہباز، خواجہ محمد آصف،خواجہ سعد رفیق، سعید مہدی، اے زیڈ کے شیر دل اور شاہد خاقان عباسی نے بھی شرکت کی۔