سرکاری ہسپتالوں کی پیتھالوجیکل لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا جائیگا ‘ حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی ۔وزیر صحت

جمعہ 24 نومبر 2006 14:37

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین24نومبر2006 ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر طاہر علی جاوید نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی پیتھالوجیکل لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا جائیگا جس کیلئے حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی جبکہ یونیورسٹیوں سے سائنٹیفک و تکنیکی تعاون بھی حاصل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے نیشنل سنٹر برائے ایکسی لینس مالیکیولر بیالوجی کے تعاون سے ڈی این اے او رپی سی آر کے ٹیسٹ پرائیویٹ لیبارٹیوں کے مقابلے میں ایک چوتھائی اخراجات پر کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں نیشنل سنٹر برائے ایکسی لینس مالیکیولر بیالوجی کے پروفیسر ڈائرکٹر ایس ریاض الدین و دوسرے حکام نے شرکت کی ۔ وزیر صحت کہا کہ محکمہ صحت اور مالیکیولر بیالوجی سنٹر آف ایکسی لینس کے تعاون سے ہیپا ٹائٹس کے علاج کیلئے انٹر فیرون انجکشن تیار کئے جائیں گے جو مارکیٹ سے انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب یونیورسٹی کے نیشنل سنٹر برائے ایکسی لینس مالیکیولر بیالوجی سمیت دیگر متعلقہ اداروں اور دوسری یونیورسٹیوں کے اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے تاکہ جدید سائنسی ریسرچ سے فائدہ اٹھا کر عوام کو علاج معالجہ اور میڈیکل ٹیسٹس کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کی لیباٹریوں کو اپ گریڈ کرنے اور نیشنل سنٹر برائے ایکسی لینس مالیکیولر بیالوجی کے تعاون سے پی سی آر اور ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔