سٹیل ملز کے سابق چیئرمین معین آفتاب سمیت 10ملزمان پرکنٹین کرپشن کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی، دیگر چار مقدمات میں بھی عبوری چالان کو حتمی تصورکرلیا گیا ، ملزمان کا صحت جرم سے انکار ، 24جون کو گواہان کو طلب کرلیا گیا

ہفتہ 12 جون 2010 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جون۔2010ء) وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے سٹیل ملز کے سابق چیئرمین معین آفتاب سمیت 10ملزمان پرکنٹین کرپشن کیس میں فرد جرم عائد کردی ، دیگر چار مقدمات میں بھی عبوری چالان کو حتمی تصورکرلیا گیا ، ملزمان کا صحت جرم سے انکار ، 24جون کو گواہان کو طلب کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی صبح وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کے جج شوکت میمن نے سٹیل ملز کے سابق چیئرمین معین آفتاب بریگیڈیئر (ر) عبدالقیوم ،امتیاز الحسن ، اصغر علی سمیت 10ملزمان کیخلاف درج کینٹین کرپشن کیس کی سماعت کی ۔

ایف آئی اے نے حتمی چالان جمع کرانے کیلئے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر معین آفتاب کے وکیل عصمت مہدی نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ 9ماہ گزرنے کے باوجود ایف آئی اے چالان مکمل نہیں کرسکی۔

(جاری ہے)

اس لیے عبوری چالانوں کو ہی حتمی تصور کیا جائے کیونکہ ایف آئی اے کے پاس تفتیش کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ عدالت نے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے پانچوں مقدمات کے عبوری چالانوں کو ہی حتمی چالان تصور کرتے ہوئے 24جون کو گواہوں کو طلب کرلیا ۔عدالت میں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم معین آفتاب کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزمان پر خورد بردکرکے پاکستان سٹیل ملز کو 10ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات عائد ہیں۔

متعلقہ عنوان :