ْقرشی تقریبات کا آغاز شفاء الملک کی قبر پر چادر پوشی سے کیا جائے گا‘حکیم محمد احمد سلیمی

منگل 28 نومبر 2017 14:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2017ء)تحریک پاکستان کے کارکن اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے معالج شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشیؒ ایک بلند پایہ عالم، شمع اسلام کے پروانے ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نابغہ روزگار شخصیت کے حامل انسان تھے، ’’قرشی تقریبات‘‘ کے حوالے سے 2دسمبر بروز ہفتہ ’’میانی صاحب قبرستان‘‘ میں اُن کی قبر پر چادر پوشی کا اہتمام کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان طبی کانفرنس کے راہنمائوں پروفیسر حکیم محمد احمد سلیمی، پروفیسر حکیم سید عمران فیاض، پروفیسر حکیم محمد افضل میو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر قرشی خاندان کی دیگر افراد کے قبروں پر بھی چادریں چڑھائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاء الملک حکیم محمد حسن قرشیؒ ایک سچے مسلمان، عاشق رسولﷺ اور تحریک عالم اسلام کے بہت بڑے داعی تھے۔

(جاری ہے)

وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔ آپ کی طبی ترویج و ترقی کے لیے کی جانے والی انمٹ خدمات ناقابل فراموش تھیں۔ اس موقع پر حکیم امجد وحید بھٹی، حکیم احمد حسن نوری، حکیم طاہر نوید جنجوعہ، حکیم عطاء الرحمن صدیقی، حکیم غلام فرید میر، حکیم اجمل خان، حکیم فیصل طاہر، فراز صدیقی، محمد رئیس احمد، طبیبہ محمودہ سلطانہ، طبیبہ فرح چوہدری سمیت اطباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔