فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ورلڈ ایڈز ڈے جمعہ کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا

منگل 28 نومبر 2017 15:11

فیصل آباد۔28 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2017ء) فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ایڈز کا عالمی دن (ورلڈ ایڈز ڈے ) یکم دسمبر بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈز کے خاتمہ ، مذکورہ مہلک مرض کے بارے میںعوامی شعور بیدار کرنے کیلئے عالمی ادارہ صحت ، انٹی ایڈز سوسائٹی آف پاکستان ، وفاقی وزارت صحت ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل آرگنائزیشنز سمیت بعض دیگر سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر واکس منعقد کی جائیں گی اور ہیلتھ سیمینارز ،کانفرنسز ، ورکشاپس ، مذاکروں ، مباحثوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ عوام الناس کو ایڈز کے مرض ، اس کی وجوہات ، ابتدائی علامات ، علاج معالجہ ،تدارکی اقدامات اور دیگر امور کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا عوامی شعور کی بیداری کیلئے خصوصی پروگراما ت نشر کرے گا۔ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام پاکستان کے ذرائع نے اے پی پی کو بتا یا کہ پاکستان میں اس وقت تک ایڈز کے مریضوں کی تعدادایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں ایڈز کے مریض 3کروڑ 50لاکھ سے بھی زائد ہو گئے ہیں۔ انہوںنے بتا یا کہ اس مہلک بیماری کی روک تھام کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں یو این ایڈز ، یونیسکو ، یونیسیف اور پلان پاکستان کے تعاون سے ایڈز کے خاتمہ کیلئے 14مراکز کام کر رہے ہیں۔ انہوںنے بتا یا کہ برصغیر میں ایڈز کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد بھارت میں ہے جہاں اس وقت 25لاکھ سے زائد افراد ایڈز کا شکار ہیں۔

متعلقہ عنوان :