ایوب میڈیکل کمپلیکس کے گائنی پیڈز وارڈ میں کرپٹ عناصر کو کلین چٹ دینے کا محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے نوٹس لے لیا

پیر 4 دسمبر 2017 11:45

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2017ء) ایوب میڈیکل کمپلیکس کے گائنی پیڈز وارڈ میں کرپٹ عناصر کو کلین چٹ دینے کا محکمہ صحت خیبر پختوانخوا نے نوٹس لے لیا۔ سابق چیئرمین بورڈ آف گورنرز نے بدعنوان عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے بجائے انہیں اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا تھا، محکمہ صحت ایبٹ آباد نے چیئرمین بی او جی کو کارروائی کیلئے لیٹر لکھ دیا ہے۔

صوبائی حکومت نے ایوب میڈیکل ہسپتال اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے والی میڈیکل کالج کی ڈین سمیت بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اور بورڈ کے دیگر دو ممبران کو برطرف کر دیا تھا۔ سابق ڈین ایوب میڈیکل کالج جس پر نیب اور صوبائی احتساب کمیشن میں کیس چل رہے ہیں، کی نئے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بطور ممبر شرکت پر نئے بورڈ آف گورنرز کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈین ڈاکٹر عزیز انساء اور اس کے شوہر سمیت 15 دیگر افسران پر کروڑوں روپے کے کرپشن کے کیسز صوبائی احتساب کمیشن میں چلنے کے باوجود تاحال ان کا ایوب میڈیکل کمپلیکس اور کالج میں اہم عہدوں پر تعینات رہنا شفاف احتساب میں رکاوٹ ہے۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس اور کالج میں غیر قانونی بھرتیوں، ترقیوں، تعیناتیوں، خریداروں، آرائش سمیت دیگر جعلی کاغذات اور جعلی ڈگریوں سمیت وسیع پیمانے پر اربوں روپے کا انکشاف اور ثبوت ہونے کے باوجود بورڈز آف گورنرز کا ایکشن نہ لینا آپس میں ملی بھگت کی طرف اشارہ ہے۔

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ، وزیر صحت، سیکرٹری صحت، اینٹی کرپشن، صوبائی احتساب کمیشن اور نیب ایوب میڈیکل کمپلیکس اور میڈیکل کالج میں ہونے والے اربوں روپے کی کرپشن کا نوٹس لیں۔