ْایل آر ایچ ‘ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام

منگل 5 دسمبر 2017 12:21

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2017ء)لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور نرسوں کے لیے ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کیلئے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیاگیا ۔ہسپتال ترجمان ذوالفقار علی باباخیل کے مطابق بیسک لائف سپورٹ (بی ایل ایس)کی یہ تربیتی ورکشاپ ایل آر ایچ اور آئی سی آر سی کی باہمی تعاون سے منعقد کی گئی جس میں نرسوں اورڈاکٹروں نے حصہ لیا ‘ ترجمان کے مطابق اس تربیت کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ایمرجنسی حالات میں لائے گئے شدید زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جان بچانے کے مختلف اور کارآمد طریقے سکھائے گئے ‘ ترجمان کے مطابق تربیت کے شرکاء کو مختلف ویڈیو ز‘ تصاویر اور عملی مظاہرے سے شدید زخمی اور بے حوشی کی حالت میں لائے گئے مریضوں کو ’’سب سے پہلے سے ضروری‘‘کی بنیاد پر تربیت دی گئی جوکہ مریض کی جان بچانے کیلئے بہت کارآمد ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اپنی نوعیت کی اس خصوصی تربیت میں ڈاکٹروں اور نرسوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتاہے اور وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارتی ہوئے مریضوں کا بہتر دیکھ بھال اور علاج کرسکتے ہیں ‘ ترجمان کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اس قسم کے مزید تربیتی ورکشاس بھی منعقد کی جائیںگی تاکہ صوبے کے سب سے بڑے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں لائے جانے والے ہزاروں مریضوں کی جان بچانے میںمدد ملے۔