طبی ماہرین کی موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن ڈھانپنے کی ہدایت

بدھ 6 دسمبر 2017 14:05

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) ٹھنڈی ، تلی ہوئی یا کھٹی اشیاء کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے لہٰذا عوام الناس بالخصوص بچوں کو مذکورہ اشیاء سے پرہیزکی ہدایت کی گئی ہے جبکہ طبی ماہرین کی جانب سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ڈھانپنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے ۔

پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد اور الائیڈ ہسپتا ل فیصل آباد کے طبی ماہرین نے بتایاکہ موسم سرما کے آغاز سے اب تک جاری مسلسل خشک وسردموسم بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان بن گیا ہے جبکہ نوجوان افراد کی بڑی تعداد بھی مختلف موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ بارش نہ ہونے اور خشک سردی کے باعث تمام عمر کے افراد میںگلے کی خرابی، کھانسی ، نزلہ ، بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے تاہم موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ضرور ڈھانپنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ ٹھنڈی ، تلی ہوئی یا کھٹی اشیاء کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلا خراب ہو نے کی صورت میں فوری طورپر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنا مفید ہے تاہم بخار کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کیا جا ئے تاکہ بعد میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو سکے۔دوسری جانب علاج معالجہ کے باوجود افاقہ نہ ہو نے پر عوام الناس نے باران رحمت کیلئے دعائیں مانگنا شروع کر دی ہیں۔