دل کو ہمیشہ صحت مند رکھنے کے لیے شکر قندی کا استعمال عادت بنایاجائے،نئی امریکی تحقیق

ایک درمیانے سائز کی شکر قندی جسم کیلئے روزانہ درکار وٹامن اے کی مقدار فراہم کرنے کے لیے کافی ہے،رپورٹ

جمعرات 7 دسمبر 2017 12:34

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء)امریکہ میں کی جانیوالی نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ دل کو ہمیشہ صحت مند رکھنے کے لیے شکر قندی کا استعمال کیاجائے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔بوسٹن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق شکرقندی کا استعمال صرف منہ کا ذائقہ ہی دوبالا نہیں کرتا بلکہ دل کی صحت کے لیے بھی بہتر ہے۔

شکرقندی میں وٹامن سی اور بی سکس کے ساتھ ساتھ دل کی صحت کے لیے فائدہ مند فائبر اور مینگنیز جیسے اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ایک درمیانے سائز کی شکر قندی جسم کے لیے روزانہ درکار وٹامن اے کی مقدار بھی فراہم کرنے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔وٹامن اے وہ جز ہے جو عمر بڑھنے کے ساتھ مختلف اعضاء میں آنے والی تنزلی کی روک تھام کرنے کے ساتھ ساتھ بینائی کو بہتر رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ وٹامن کسی زخم کی صورت میں اسے جلد بھرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ وٹامن اے جلد کی ساخت کو ٹھیک رکھنے میں مدد دیتا ہے ورنہ دوسری صورت میں بیکٹریا اور وائرس زیادہ آسانی سے جسم میں داخل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شکر قندی میں موجود پوٹاشیم جسم میں سوڈیم کے اثرات کو کم کرتا ہے جس سے ہائی بلڈ پریشر سے نجات پائی جاسکتی ہے جو کہ ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔