پاکستان کی نوجوان نسل کو صحت مند اور دلیر دیکھنا چاہتا ہوں، صدر مشرف،بچوں کو آگے بڑھنے اورخطرات کا سامنا کرنے کیلئے ان کی کھیلوں اور دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، حکومت بچوں کیلئے پارک اور کھیلوں کے میدانوں میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے، صدر مملکت کی پاکستان پارک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 25 نومبر 2006 19:32

لاہور (اُرد وپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25نومبر۔2006ء) صدر جنرل پرویزمشرف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بچوں کیلئے پارک اور کھیلوں کے میدانوں میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ بچوں کو کھیل اور ورزش کے خاطر خواہ مواقع مل سکیں اور وہ مستقل کے چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں سیکھ سکیں، پاکستان کی نوجوان نسل کو صحت مند اور دلیر دیکھنا چاہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں لاہور کینٹ میں پاکستان پارک کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو آگے بڑھنے اورخطرات کا سامنا کرنے کیلئے ان کی کھیلوں اور دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ وہ جسمانی طور پر مضبوط اورزندگی کی سختیوں کا سامنا کرنے کیلئے ذ ہنی طور پر تیار ہو سکیں۔

(جاری ہے)

صدر مشرف نے کہا کہ وہ پاکستان کی نوجوان نسل کو دلیر اور حوصلہ مند دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارک کو اپ گریڈ کر کے یہاں تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ایک سوال پر صدر مشرف نے کہا کہ لاہور کے علاوہ کراچی، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی اس طرح کی تفریحی سہولتیں مزید بہتر بنائی جائیں گی۔ صدرمشرف نے کہا کہ لاہور کے علاوہ صوبے کے دیگر لوگ بھی یہاں آئیں اور یہاں تفریحی کے مواقعوں سے لطف اندوز ہوں گے۔