واہ جنرل ہسپتال رواں ماہ آپریشنل کرنے کا فیصلہ، 1325ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ہسپتال کاتعمیراتی کام مکمل

پیر 11 دسمبر 2017 16:34

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2017ء) واہ جنرل ہسپتال کا تعمیراتی کام مکمل ہو نے پر اسے رواں ماہ عوام کے لئے آپریشنل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔محکمہ صحت کے حکام نے اے پی پی کو بتایاکہ 1325ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اپنی نوعیت کے منفرد واہ جنرل ہاسپیٹل کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ہسپتال میں علاج معالجے کی جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ واہ جنرل ہسپتال کا سنگ بنیاد 2014میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رکھا تھا جو کہ رواں ماہ کی 20تاریخ تک مکمل آپریشنل کر دیاجائے گا ۔ 100بستروں پر مشتمل واہ جنرل ہسپتال کو 500بستروں تک توسیع دی جائے گی ۔واہ جنرل ہسپتال کے 11مختلف شعبہ جات میں ڈاکٹرز اور نرسز سمیت سٹاف کے 101ماہرین خدمات سرانجام دیں گے ۔واضح رہے کہ واہ جنرل ہسپتال کے لیے پاکستان آرڈینینس فیکٹریز نے 96کنال اراضی مفت فراہم کی تھی ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ واہ جنرل ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح 20دسمبر تک متوقع ہے تاھم یہ افتتاح سابق وفاقی وزیر داخلہ کی دستیابی سے مشروط ہے۔