ٹماٹر معدے کے سرطان سے بچاؤ میں مددفراہم کرتا ہے، ماہرین

منگل 12 دسمبر 2017 13:01

فلا ڈلفیا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2017ء) امریکا کے ماہرین صحت نے کہا ہے کہ ٹماٹروں میں کئی ایسے اہم اجزا دریافت ہوچکے ہیں جو کئی اقسام کے سرطان سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں ۔ فلاڈیلفیا کی ٹیمپل یونیورسٹی میں سبارو انسٹی ٹیوٹ فار مالیکیولر میڈیسن کے سربراہ پروفیسر اینتونیو گیورڈانو کی نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ٹماٹر معدے کے سرطان سے بچاؤ اور علاج میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

2 اقسام کے ٹماٹر سان مرزانو اور کوربارینو نہ صرف پیٹ کے کینسر کو روکتے ہیں بلکہ ان کے سرطانی خواص کو بھی کم کرتے ہیں۔ ٹماٹروں میں سرخ رنگت بکھیر نے والا ایک جزو لائسوپین کینسر کے خلاف لڑسکتا ہے۔ اس کے علاوہ پورے ٹماٹر کا جزو گیسٹرک کینسر کے خلیات پھیلنے سے روکتے ہیں۔ ٹماٹر بنیادی رسولی سے دیگر علاقوں سے پھیلنے والے سرطان کو بھی روک سکتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ٹماٹر کی بعض اقسام کینسر پر مختلف اثرات مرتب کرتی ہیں اور اب ان کا طویل مطالعہ کیا جانا ضروری ہے۔