فرنٹیئرفائونڈیشن امراض خون میں مبتلا ننھے بچوں کیلئے امید کی کرن ہے ،صاحبزادہ محمد حلیم

منگل 19 دسمبر 2017 12:18

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2017ء) فرنٹیئرفائونڈیشن نے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا ودیگرامراض خون میں مبتلا بچوں اورمریضوں کوخون واجزائے خون کی فراہمی کیلئے گورنمنٹ ڈگری کالج درہ آدم خیل، گورنمنٹ ڈگری کالج لوندخوڑ مردان اور گورنمنٹ ڈگری کالج سیدو شریف سوات میں بلڈ کیمپ لگائے جس میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے درجنوں بیگز خون عطیہ کیا، فرنٹیئر فائونڈیشن کی ٹیم میں پی آر او نصراللہ، میڈیکل ٹیکنیشن محمدالیاس،عمران خالد اورمعاون عمرخطاب شامل تھے جنہیں کالجز کے پرنسپلز اور دیگر سٹاف کابھرپور تعاون حاصل رہا، دریں اثناء چیئرمین فرنٹیئرفائونڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم نے خون عطیہ کرنے والے طلباء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنٹیئرفائونڈیشن امراض خون میں مبتلا ننھے بچوں کیلئے امید کی کرن ہے ،طلباء کی ایک بڑی تعداد بلڈ ڈونرزمیں شامل ہے جو امراض خون میں مبتلا بچوں کو خون و اجزائے خون کی فراہمی میں معاون ہیں۔