چاروں صوبوں کا پنجاب کیلئے چشمہ جہلم لنک کینال کھولنے پر اتفاق

بدھ 14 جولائی 2010 18:21

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جولائی۔2010ء) چاروں صوبوں نے چشمہ جہلم لنک کینال کھولنے پر اتفاق کر لیا ہے، جس پر عمل درآمد آئندہ تین روز بعد متوقع ہے، اور اس کیلئے دوبارہ اجلاس کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔ اسلام آباد میں ارسا کے چئیرمین عبدالرقیب خان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ جب اپ اسٹریم سکھر میں پانی کا اخراج ایک لاکھ پینتیس اور ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج ایک لاکھ پچپن ہزار کیوسک ہو جائے گا، سی جے لنک کینال دو بارہ کھولی جائے گی، اس تمام عمل کیلئے تین روز کا وقت درکار ہے جبکہ بلوچستان کو چالیس فیصد پانی کی کمی بھی پوری کر دی جائے گی۔ اجلاس میں سندھ کو دو لاکھ چالیس ہزار، بلوچستان کو تیرہ ہزار، پنجاب کو ایک لاکھ بیس ہزار اور خیبر پختونخواہ کو تین ہزار کیوسک پانی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ جبکہ پنجاب کو مزید پندرہ ہزار کیوسک پانی کی فراہمی چشمہ جہلم لنک کینال سے آئندہ تین روز میں متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :