چشمہ جہلم لنک کینال آئندہ دوروزمیں دوبارہ کھول دی جائے گی، چیئرمین ارسا عبدالرقیب خان

بدھ 14 جولائی 2010 19:33

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جولائی۔2010ء) چیئرمین ارساعبدالرقیب خان نے کہاہے کہ سندھ اور بلوچستان کی آبی ضروریات آئندہ دوروزمیں پوری ہونے کے بعدچشمہ جہلم لنک کینال دوبارہ کھول دی جائے گی سندھ کے حصہ کا پانی دو لاکھ چالیس ہزار کیوسک کر دیا  پنجاب کو بھی ایک لاکھ بیس ہزار کیوسک جبکہ بلوچستان کو تیرہ ہزار کیوسک پانی ملے گا ۔

بدھ کو یہاں انڈس ریورسسٹم اتھارٹی (ارسا)کے اجلاس کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اجلاس کے دوران ملک میں پانی کی دستیابی کی صورتحال اور صوبوں کی آبی ضروریات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد تمام مسائل کو باہمی طور پر حل کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت بلوچستان کو پانی نہیں مل رہا تاہم چشمہ جہلم لنک کینال دو روز تک بند رہنے کے بعد سندھ اور بلوچستان کی آبی ضروریات پوری ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

گدو بیراج پر پانی مقررہ حد تک پہنچنے کے بعد جہلم چشمہ لنک کینال کو کھول دیا جائے گا اور پنجاب کو اس کی طلب کے مطابق پانی ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ چشمہ بیراج سے دو لاکھ پچاسی ہزار کیوسک پانی چھوڑا جائے گا جبکہ گڈو بیراج پر ڈاؤن سٹریم پانی کا اخراج ایک لاکھ پچپن ہزار کیوسک ہوگا جو سکھر بیراج پر ایک لاکھ پینتیس ہزار کیوسک ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کو چشمہ رائٹ بنک کینال سے تین ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ ارسا کا ہنگامی اجلاس بلانا سمجھ سے بالاتر ہے،ارسا میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ممبر پر دبا ڈالا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں نیوزکانفرنس میں کہی۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ارسا میں سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہئے۔ غلط فیصلے پانی کی کمی کا باعث بنے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پانی کی تقسیم درست طریقے سے نہیں کی گئی تھی جس کے متعلق ارسا کو بتا دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :