کیٹوجینک غذائیں یاداشت کو بہتر اور طویل زندگی کے لئے مفید ہیں، ماہرین

جمعرات 21 دسمبر 2017 14:35

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2017ء) امریکی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ کیٹوجینک غذائیں یاداشت کو بہتر اور طویل زندگی کے لئے مفید ہیں۔ نوواٹو بک انسٹی ٹیوٹ آف ایجنگ کے ماہرین کے مطابق کیٹوجینک غذائیں مصنوعی رنگوں اور ملاوٹ سے پاک قدرتی غذاؤں کو کہا جاتا ہے جن میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے جبکہ چکنائی زیادہ اور پروٹین بھی خاصی مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔

کیٹوغذائیں جسم میں بی ٹا ہائیڈروکسی بیوٹریٹ (بی ایچ بی) کی مقدار بڑھاتی ہیں جس سے دماغ سرگرمی، یادداشت اور کام کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔ بی ایچ بی بڑھاپے کو دور رکھتی ہے اور اہم اعضا اور ٹشو کو بھی درست حالت میں رکھتی ہے۔ ماہرین کے مطابق کیٹوجینک غذا میں لحمیات اور پروٹین زیادہ جبکہ کاربوہائیڈریٹس بہت کم کھائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان غذاؤں میں گھاس چرنے والے میویشیوں کا گوشت، گھی، تیل، زیتون کا تیل، چکنائی والی مچھلی، انڈے، مغزیات، پھلیاں، خشک گری دار میوے، ایواکاڈو، زمین سے اوپر اگنے والی سبزیاں اور دیگر اشیا شامل ہیں جبکہ پروسیس شدہ غذاؤں، ڈیری اور بیکری کی مصنوعات سے پرہیز کیا جاتا ہے۔

کیٹو غذا کے اثرات بہت دیرپا ہوتے ہیں یعنی ایک طویل عرصے تک جسم پر ان کے اچھے اثرات برقرار رہتے ہیں۔