طب یونانی کا قومی دن بھر پور طریقے سے منایا گیا

جمعرات 21 دسمبر 2017 15:44

فیصل آباد۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2017ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں طب یونانی کا قومی دن جمعرات کو بھر پور طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان اور کئی دیگر تنظیموں کی جانب سے فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں سیمینارز ، کانفرنسز ، ورکشاپس ، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان کونسل آف ہربل فزیشنز فیصل آباد ڈویژن کے رہنمائوں نے ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کہاکہ طب یونانی قومی ورثہ اور پاکستانی تہذیب و تمدن کا حصہ ہے جس کی حفاظت اور ترویج و ترقی حکومت کا فرض ہے ۔ انہوںنے کہاکہ متعلقہ ادارے تمام تر وسائل دستیاب ہونے کے باوجود ایلوپیتھک سسٹم کے تحت پاکستان کے شہری علاقوں کی عوام کے بالعموم اور دیہی علاقوں کے عوام کو بالخصوص گھر کی دہلیز کے قریب طبی سہولیات کی فراہمی میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیںحتیٰ کہ انہیں سرکاری ہسپتالوں ، ہیلتھ سنٹرز پر بھی علاج معالجہ کی سہولیات دستیاب نہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ حکومت صحت عامہ کی خاطر روائتی طریقہ علاج طب یونانی کے فروغ میں بھی اپنا کردار اد اکرے تاکہ عوام کو مختلف بیماریوں کے ساتھ ساتھ ایلوپیتھک علاج کے دوران پیداہونیوالی مزید پیچیدگیوں اور سائیڈ ایفیکٹس سے بھی بچانا ممکن ہو سکے۔ طب یونانی کے قومی دن کے موقع پر الیکٹرانک میڈیانے خصوصی پروگرامات نشرجبکہ پرنٹ میڈیانے بھی خاص مضامین کی اشاعت کا اہتمام کیا ۔