آزادکشمیر میں تعلیم، صحت اور سوشل سیکٹر کے شعبوں میں برطانیہ تعاون کرے گا ، سعیدہ وارثی،پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت اقدامات اٹھانے چاہئیں، عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگی، میر پور میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 جولائی 2010 19:28

میرپور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17جولائی۔2010ء) کنزرویٹو پارٹی برطانیہ کی وزیر و چئیرپرسن سعیدہ وارثی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مثبت اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلہ میں موثر اقدامات اٹھا رہا ہے۔بیرون ملک کشمیریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ تارکین وطن کشمیری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

کشمیری لیڈر شپ عوام کے اعتماد کی بحالی اور تعمیروترقی پر توجہ دے۔برطانیہ آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لئے تعاون کرے گا۔برطانیہ میں حصول تعلیم کے لئے جانے والے طلبہ کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔میرپور میرا شہر ہے یہاں آکربہت خوشی ہوئی ہے۔ان خیالات کا محترمہ سعیدہ وارثی نے ہفتہ کے روز مقامی ہوٹل میں استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمدخان نے بھی خطاب کیا ۔تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر راہنما چوہدری محمد یاسین، پاکستان مسلم لیگ آزادکشمیر کے راہنما چوہدری محمد ارشد، کمشنر میرپور ڈویژن ڈاکٹر محمودالحسن راجہ، برٹش ہائی کمشنر ان پاکستان ایڈم تھامسن، بیرسٹر عابد، زبیر گل، الطاف حمید راؤ اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر میڈیا، وکلاء، سول سوسائٹی اور سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنزرویٹو پارٹی برطانیہ کی چئیرپرسن سعیدہ وارثی نے کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیم، صحت اور سوشل سیکٹر کے شعبوں میں برطانیہ تعاون کرے گا تاکہ عوام کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بالخصوص میرپور اور برطانیہ کے درمیان بہت مضبوط تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن سسٹم میں مسائل موجود ہیں ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

آئندہ جب پاکستان کے دورہ پر آؤں گی تو امیگریشن منسٹر کو ساتھ لاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گی۔ عوام کو مجھ پر بہت زیادہ امیدیں ہیں اور میں محسوس کرتی ہوں کہ مجھ پر زیادہ ذمہ داریاں ہیں۔ عوام کی توقعات اور امنگوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گی۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلہ میں ہندوستان پر اپنا دباؤ بڑھائے۔

ہندوستانی مسلح افواج نے گذشتہ نصف صدی سے کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ جمایا ہوا ہے۔ ہم اقوام عالم بالخصوص برطانیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سعیدہ وارثی پر فخر ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ بیرون ملک آباد کشمیریوں کے مسائل اور آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سعیدہ وارثی ہمارے لئے رول ماڈل ہیں ۔ کشمیری عوام کو ان سے بہت سے امیدیں وابستہ ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول کو کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو تو کشمیری قبول کریں گے۔