جنرل ہسپتال کی نرسوں کوبہترین کارکردگی پر سال میں 2مرتبہ ایوارڈ سے نوازا گیا

تعریفی اسناد اے سی آر کا حصہ بن کر آئندہ ترقی کیلئے معاون ثابت ہو ں گی‘ڈی جی نرسنگ پنجاب

جمعہ 22 دسمبر 2017 16:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) جنرل ہسپتال صوبے کا واحد شفاء خانہ ہے جہاں کے نیورو سرجری یونٹ ٹوکی نرسوں کو رواں سال میں 2مرتبہ بہترین ڈسپلن،اچھی کارکردگی ،مریض دوست رویے اور جذبہ ہمدردی کے اعتراف میں ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر پروین کی طرف سے تعریفی اسناد اور خصوصی اعزازات دیے گئے ہیں ۔گزشتہ روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں پاکستان میں ڈی بی ایس طریقہ علاج کے بانی پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود ،کنٹرولر نرسنگ امتحانات زبیدہ اسحاق ،اے ایم ایس نرسنگ ڈاکٹر شبنم گلزار ،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو سمیت نرسز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر ڈی جی نرسنگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن نرسوں کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے ان کی یہ اسناد اے سی آر کا حصہ بن کر آئندہ کی ترقی کیلئے معاون ثابت ہوں گی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ نرسنگ کا مقدس پیشہ انسانیت کیلئے شفاء او ر تندرستی کا پیغام ہے ، نرسیں دکھی انسانیت کیلئے اللہ کی رحمت کا ظہور بن جاتی ہیں ، افراتفری کے موجودہ عالم میں جب لوگوں کے پاس اپنے عزیزوں کی تیمار داری کیلئے بھی وقت نہیں ،نفسا نفسی کے اس دور میں نرسوں کا شعبہ ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے ، انہوں نے کہا کہ نرسیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں اپنے رشتے ناطوں کو بالائے طاق رکھ کر مریضوں کی خدمت کرتی ہیں جبکہ نرسیں دوران ڈیوٹی مریضوں سے ملنے والی بیماریوں کے سبب اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتیں ، 2011میں جب ڈینگی نے حملہ کیا تھا تو اس صورتحال کا دیوانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے ایل جی ایچ نرسنگ سکول کی سیکنڈ ائیر کی طالبہ اسماء کنول نے اپنی جان ، جانِ افریں کے سپرد کر دی تھی جسے ہم پاکستان کی فلورنس نائٹنگ انگیل کہیں تو بے جا نہ ہو گا ،انہوں نے کہا کہ اسماء کنول کی جان کی قربانی نرسنگ کے شعبے کیلئے قابل فخر اور قابل تقلید ہے ،پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ پنجاب میں نرسوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے بیرون ملک بھجوایا جا رہا ہے جس کے ثمرات مریضوں کو بھی حاصل ہوں گے۔

سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والی نرسوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اس لگن اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیتی رہیں گی اور یہ سرٹیفکیٹ ان کیلئے کسی بھی اعزاز سے کم نہیں ،تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ناصرہ لطیف ،فوزیہ مظور ،گلشن رفیق ، روباب ایمونائل ،صباء قمر ،عائشہ طارق ،مینا جمیل ، شکیلہ نواب ،مافیا رمضان ، سونیا عباس ،سعدیہ کرن ، سدرہ نور،ایسٹر عارف اور ثانیہ عبدالرحمان شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :