کنگ عبدالله ہسپتال میں ہیپاٹائٹس کی ادویات ناپید، دور دراز سے ہسپتال جانے والے مریض مایوس لوٹ کر جانے لگے

بدھ 27 دسمبر 2017 12:53

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2017ء) کنگ عبدالله ہسپتال مانسہرہ میں ہیپاٹائٹس کی ادویات ناپید ہو گئیں، دور دراز سے ہسپتال جانے والے مریض مایوس لوٹ کر جانے لگے، عملہ مریضوں کو میڈیکل سٹوروں سے ادویات خریدنے کا مشورہ دینے لگا، ہیپاٹائٹس کی ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں تاہم گذشتہ ایک ماہ کے دوران ادویات نہ ہونے کی وجہ سے کئی مریضوں کا کورس نامکمل رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مریضوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کنگ عبدالله ہسپتال ضلع مانسہرہ کا مرکزی ہسپتال ہے، صوبائی حکومت کی ہدایت کے مطابق یہاں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا علاج معالجہ مفت کیا جاتا ہے تاہم گذشتہ ایک ماہ سے ہسپتال جانے والے مریضوں کو ہیپاٹائٹس کی ادویات فراہم نہیں کی جا رہیں جس سے مریضوں کا شروع کیا گیا کورس نامکمل رہ گیا ہے۔ غریب افراد میڈیکل سٹوروں سے ادویات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کے صحت سے متعلق حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیپٹائٹس سی سے متعلق انجکشنوں سمیت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کریں۔